پنجاب حکومت توہین عدالت کی مرتکب ہوئی سپریم کورٹ

عدالت نے تعمیرات پر پابندی لگائی تھی، این او سی کیسے جاری ہوا، سی ڈی اے سے ریکارڈ طلب


Numainda Express September 28, 2017
عدالت نے تعمیرات پر پابندی لگائی تھی، این او سی کیسے جاری ہوا، سی ڈی اے سے ریکارڈ طلب۔ فوٹو: فائل

RIYADH: سپریم کورٹ نے مری میں درختوں کی کٹائی سے متعلق توہین عدالت کیس میں سابق کمشنر راولپنڈی زاہد سعید کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں فل بینچ نے ڈی جی ماحولیات اور ڈائریکٹر آر ڈی اے سے بھی ایک ہفتے میں جواب مانگا ہے، جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہا کہ عدالت نے مری،کہوٹہ اورکوٹلی ستیاں میں تعمیرات پر پابندی لگائی تھی، بتایا جائے عدالتی حکم کے بعد نجی سوسائٹی کو این او سی کیسے جاری ہوا؟ فاضل جج کا کہنا تھا کہ بادی النظر میں پنجاب حکومت توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہے کیونکہ فل کورٹ کے حکم کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ کیا ہاؤسنگ سوسائٹی کیلیے زمین کم پڑگئی جو جنگل میں بنانا پڑی؟ عدالت نے مارگلہ ہلز پارک زون تھری میں ہاؤسنگ اسکیم کے معاملے میں سی ڈی اے کے متعلقہ افسران کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ہے، عدالت نے سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کردی، راولپنڈی اسلام آبادکی حدود میں واقع سہالہ، کہوٹہ روڈکی توسیع کے دوران قیمتی درختوں کی کٹائی کے مقدمے میں عدالت نے ڈویژنل فاریسٹ آفیسرکو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔

عدالت نے مارگلہ پہاڑیوں پر اسٹون کرشنگ اور درختوںکی کٹائی سے متعلق پنجاب حکومت کی رپورٹ مستردکرتے ہوئے چیف سیکریٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، سیکریٹری مائنز کو طلب کرلیا ہے، عدالت نے مزید سماعت 18اکتوبر تک ملتوی کردی۔

جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں فل بینچ نے 7 ارب 75 کروڑ روپے کے مضاربہ اسکینڈل میں ملوث ملزم افضل خالق کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے پشاورکی ٹرائل کورٹ کو 4 ماہ میں سماعت مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔

دوسری جانب چیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے کراچی میں ہندو برادری کے شمشان گھاٹ کو سندھ حکومت کی جانب سے قبضے میں لینے کے بعد متبادل جگہ فراہم نہ کرنے کا نوٹس لے لیا ہے، چیف جسٹس نے یہ نوٹس شہری شری رام ناتھ کی درخواست پر لیا، چیف جسٹس نے چیف سیکریٹری سندھ کو معاملے پر فوری کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے 2 ہفتوں میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔