رنز کا کوہ ہمالیہ سر کرنے میں زمبابوین ٹیم ہلکان ہوگئی

ویسٹ انڈیز 156 رنز کے بڑے مارجن سے فتحیاب، سنیل نارائن نے 3 وکٹیں لیں۔


AFP February 24, 2013
ویسٹ انڈیز 156 رنز کے بڑے مارجن سے فتحیاب، سنیل نارائن نے 3 وکٹیں لیں۔ فوٹو: اے ایف پی

رنز کا کوہ ہمالیہ سرکرنے میں زمبابوین ٹیم ہلکان ہوگئی، ویسٹ انڈیز نے پہلا ون ڈے 156 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔

مہمان سائیڈ 338 رنز کے جواب میں 9 وکٹوں پر 181 رنز بنا پائی، میلکولم والیر 51 اور کریگ ایروائن 41 رنز بنا پائے، سنیل نارائن نے 3 جبکہ ڈیوائن براوو اور آندرے رسل نے دودو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے پہلے ون ڈے میں زمبابوے کو 156 رنز سے شکست دیکر تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ زمبابوین سائیڈ کو اس مقابلے میں فتح کیلیے 338 رنز کا بڑا ہدف ملا جسے دیکھ کر ہی اس کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔



ٹاپ 4 بیٹسمین گیارہ اوورز کے اندر ہی صرف 34 رنز کے مجموعے پر ہی میدان سے رخصت ہوگئے، ووسی سبانڈا کو 12 رنز پرایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا اگریہ فیصلہ ٹی وی امپائر کو ریفر کیا جاتا تو وہ بچ سکتے تھے کیونکہ ری پلیز میں کیمار روئچ کی گیند لیگ اسٹمپس کو نہیں چھورہی تھی۔ اگلے دو کھلاڑیوں چھیبابا (6) اور مساکیڈزا (4) کو نارائن نے میدان بدر کیا، کپتان ٹیلر (8) کو بیسٹ نے ڈیونرائن کی مدد سے قابو کیا۔

ایروائن 41 رنز پر رسل کا شکار ثابت ہوئے ان کا کیچ چارلس نے تھاما، والیر کو 51 رنز پر براوو کی گیند پر متبادل فیلڈر پرمول نے کیچ کیا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے چارلس اور ڈیرن براوو کی سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں پر 337 رنز بنائے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں