اب اپنا کمپیوٹر دل سے کھولیے

ایک نیا کمپیوٹر سیکیورٹی سسٹم آپ کے دل کی جسامت اور ساخت کو بطور پاس ورڈ استعمال کرتا ہے


ویب ڈیسک October 01, 2017
بفیلو یونیورسٹی کے ماہرین نے دل کی ساخت اور جسامت کی بنیاد پر لاگ ان اور لاگ آف کرنے والا نظام بنالیا ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور: ایک نیا کمپیوٹر سیکیورٹی سسٹم اب انگلی کے نشان، پاس ورڈ یا آنکھ کی ساخت کے بجائے دل کے ذریعے کھولا اور بند کیا جاسکتا ہے۔

یہ سسٹم کم سطح کے ڈوپلر ریڈار کے ذریعے کسی کے دل کی ساخت اور سائز کو ناپ کر اپنے پاس محفوظ کرلیتا ہے اور اس کے بعد مستقل آپ کے دل کو نوٹ کرتے ہوئے کسی دوسرے کو آپ کے سسٹم میں گھسنے نہیں دیتا۔

اس کے خالقین اپنے نظام کا عملی مظاہرہ اس سال 23 اکتوبر کو موبائل کمپیوٹنگ کی سالانہ کانفرنس میں کریں گے۔ ماہرین کے مطابق لاگ اِن کے لیے یہ نظام کسی بھی بایو میٹرک نظام سے کئی گنا مؤثر اور محفوظ ہے جسے موبائل فون سے لے کر ایئرپورٹ سیکیورٹی تک میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کمپیوٹر کے لیے دل کا تالہ بنانے والے انجینیئر وینیاؤ زو کا تعلق بفیلو یونیورسٹی سے ہے جہاں وہ کمپیوٹر سائنس پڑھاتے ہیں۔ انہوں نے اپنے تحقیقی مقالے میں لکھا ہے کہ لاگ ان اور لاگ آف ہونے کے روایتی طریقے مشکل اور غیرمحفوظ ہیں۔ ہمارے نظام میں وائی فائی سے بھی کم شدت کے سگنل پیدا ہوتے ہیں جو کسی بھی طرح صحت کو متاثر نہیں کرتے۔ اس میں ریڈر صرف پانچ ملی واٹ بجلی پیدا کرتا ہے جو اسمارٹ فون سے خارج ہونے والی ریڈی ایشن کا صرف ایک فیصد ہے۔

مشین پہلی مرتبہ دل کو اسکین کرنے میں صرف 8 سیکنڈ لگاتی ہے اور اس کے بعد فوری طور پر لاگ ان اور لاگ آف ہوا جاتا ہے۔ اسے بنانے میں تین سال کا عرصہ لگا ہے جو دل کی جیومیٹری، جسامت اور شکل کا اندازہ لگاتا ہے اس کے علاوہ دل کی حرکت اور سکڑنے پھیلنے کو بھی نوٹ کرتا ہے۔ زو کے مطابق دنیا میں اب تک کسی دو انسانوں کے دل آپس میں یکساں نہیں ہوتے اور جب تک دل کی کوئی بڑی بیماری لاحق نہ ہو دل پوری زندگی اپنی شکل برقرار رکھتا ہے۔

اگرچہ دل کی برقی سرگرمیوں سے دل کے بایومیٹرک سسٹم ایک عشرے سے استعمال ہورہے ہیں لیکن اب تک دل کی جیومیٹری سے دور رکھے آلات کو کھول بند کرنا ممکن ہوگیا ہے۔ اگلے مرحلے میں کمپیوٹر کے ساتھ ایک چھوٹا سا نظام نصب کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو دل کی ساخت نوٹ کرکے بطور پاس ورڈ ریڈر استعمال ہوسکے گا۔ اس آلے کو مزید بہتر بناکر 30 میٹر دوری سے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے اور اس طرح ایئرپورٹ سیکیورٹی کے لیے بھی موزوں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں