کراچی میں موبائل فون سروس بحال ڈبل سواری پر پابندی برقرار

کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی 10 محرم الحرام تک عائد رہے گی


ویب ڈیسک September 29, 2017
9 اور 10 محرم الحرام کو بھی موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ فوٹو: فائل

8 محرم الحرام کے جلوس میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں معطل کی گئی موبائل فون سروس بحال ہو گئی ہے تاہم موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی برقرار ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت کی سفارش پر کراچی میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر معطل کی گئی موبائل فون سروس بحال ہو گئی ہے۔ موبائل فون سروس کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ 8 محرم الحرام کے جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچے۔

دوسری جانب شہرمیں آج سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق بھی ہو گیا ہے جو 10 محرم الحرام تک رہے گی تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے، خواتین اور 12 سال سے کم عمر بچے اور صحافی حضرات اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل محکمہ داخلہ سندھ نے متعلقہ حکام سے تحریری طور پر درخواست کی تھی کہ امن و امان کو برقرار رکھنے اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی میں مخصوص وقت کے دوران موبائل فون سروس معطل کر دی جائے۔ اس کے علاوہ 9 اور 10 محرم الحرام کو بھی بھی موبائل فون سروس بند رہے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں