ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں سربراہ پاک فضائیہ

پاکستان امن پسند ملک ہے اور خطے میں امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا، ایئر چیف مارشل سہیل امان


ویب ڈیسک September 29, 2017
پاکستان اور کویت کے عوام مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بدولت مظبوط رشتے سے جْڑے ہیں،سربراہ کویتی فضائیہ فوٹو: فائل

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ ہرقسم کےچیلنجزسےنمٹنےکی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی رسالپور میں119 ویں کمبیٹ کی پاسنگ آوٹ پریڈ ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر کویت فضائیہ میجر جنرل عبداللہ یعقوب جاسم الفوداری تھے، اس کے علاوہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی تقریب میں موجود تھے۔ پاسنگ آوٴٹ پریڈ میں میڈیکل، ایجوکیشن، آئی ٹی ، اکاوٴنٹس ، انجینئرنگ اور لاجسٹکس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے کْل 52 ایوی ایشن کیڈٹس پاس آوٹ ہوئے، تقریب میں 12 کویتی انڈر ٹریننگ آفیسرز کو بھی فلائنگ بیجز لگائے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کویتی فضائیہ سربراہ نے کہا کہ وہ کامیاب ٹریننگ پر تمام کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہیں، کیڈٹس اپنی بھرپور توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے فرائض نبھائیں، پاکستان اور کویت کے عوام مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بدولت مضبوط رشتے سے جْڑے ہیں، پاکستان اور کویتی فضائیہ پیشہ ورانہ امور میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دے رہی ہیں، دونوں برادر اسلامی ممالک کی فضائی افواج میں وسیع تعاون موجود ہے۔

اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، پاک فضائیہ قیام امن کےلیے اہم کردار ادا کررہی ہے اور خطے میں امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا، دہشت گردی کی جنگ میں پاک فضائیہ نے قربانیاں دیں۔ پاک فضائیہ ہرقسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

سربراہ پاک فضائیہ نے کورس مکمل کرنے والے کیڈٹس کو مبارکبا د پیش کرتےہوئے کہا کہ کامیاب ہونےوالے کیڈٹس مبارکباد کے مستحق ہیں۔ تربیت سے کیڈٹس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا، وہ کویتی کیڈٹس کی کارکردگی سے متاثر ہوئے ہیں، دونوں ممالک کی فضائیہ میں تعاون وسیع ہورہا ہے، آنے والے دنوں میں یہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں