بن قاسم بجلی گھر میں فنی خرابی نصب شہر تاریکی میں ڈوب گیا

کے ای ایس سی کے انجینئرز اور عملے کو فوری طور پرفنی خرابی دور کرنے کیلیے روانہ کردیا گیا


Staff Reporter August 05, 2012
کے ای ایس سی کے انجینئرز اور عملے کو فوری طور پرفنی خرابی دور کرنے کیلیے روانہ کردیا گیا ،کے ای ایس سی، بجلی کی بحالی کا کام شروع نہیں کیا جاسکا،ذرائع۔ فائل فوٹو

کراچی الیکٹر ک سپلائی کمپنی کا مرکزی بجلی گھر بن قاسم ہفتہ کی شام فنی خرابی کی وجہ سے بند ہوگیا اور 25 سے زائد گرڈ اسٹیشنز ڈیڈ ہونے کی وجہ سے نصف سے زائد شہر تاریکی میں ڈوب گیا، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں کو بھی بجلی کی فراہمی معطل ہونے کی وجہ سے پانی کے شدید بحران کا بھی خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر کو ایک ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی فراہم کرنے والے بن قاسم بجلی گھر میں ہفتہ کی شام افطار کے بعد آنے والی فنی خرابی کی وجہ سے بجلی گھر سے شہر کو بجلی کی فراہمی مکمل طور پر منقطع ہوگئی، کے ای ایس سی کے ترجمان کے مطابق بن قاسم سے شہر کو بجلی فراہم کرنے والے 220 کے وی کے دونوں سرکٹ ٹرپ کرگئے اور 132 کے وی کی تین ٹرانسمیشن لائنز سے کراچی کے متعدد گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی اچانک منقطع ہوگئی، ترجمان نے بتایا کہ مجموعی طور پر شہر کے 20 گرڈ اسٹیشنز سے بجلی کی فراہمی منقطع ہوئی۔

کراچی الیکٹر ک سپلائی کمپنی کے انجینئرز اور عملہ فوری طور پرفنی خرابی کو دور کرنے کیلیے روانہ کردیا گیا تھا، ذرائع کے مطابق بن قاسم بجلی گھر سے بجلی کی فراہمی مکمل طور پر منقطع ہوگئی اور کے ای ایس سی کے 25 سے زائد گرڈ اسٹیشن ڈید ہوئے، نتیجے میں نصف سے زائد شہر میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوئی تھی، متاثر ہونے والے گرڈ اسٹیشنز میں ایلنڈر روڈ، گارڈن، جیکب لائنز، ایئرپورٹ ون اور ٹو، کورنگی ایسٹ، کورنگی ویسٹ، ملیر، ڈیفنس، کلفٹن، گذری، قائد آباد، کوئنز روڈ، لیاری، ویسٹ ہارف، پی آر ایل، کریک سٹی اولڈ سٹی ایریا اور دیگر گرڈ اسٹیشنز شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق بجلی کی فراہمی کو منقطع ہوئے کئی گھنٹے گزرجانے کے باوجود کے ای ایس سی کے انجینئرز خرابی کی وجوہات معلوم کرنے سے قاصر تھے اور بجلی کی بحالی کا کام بھی شروع نہیں کیا جاسکا تھا،بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز بھی بری طرح متا ثر ہوئے،شہر کے تقریبا تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی بند ہوگئی، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ذرائع کے مطابق پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی جلد بحال نہیں ہوئی تو شہر میں پینے کے پانی کا شدید ترین بحران پیدا ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |