وفاقی حکومت نے بھی بینظیربھٹو قتل کیس کا فیصلہ چیلنج کردیا

فیصلے میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے، وفاقی حکومت کا دعویٰ

حکومت کے پاس فیصلے کے خلاف اپیل دائرکرنے کا آج آخری دن تھا : فوٹو: فائل

NEW DELHI:
آصف زرداری اور سزا یافتہ پولیس افسران کے بعد وفاقی حکومت نے بے نظیربھٹوقتل کیس کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وفاقی حکومت نے بے نظیربھٹوقتل کیس کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں چیلنج کردیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے وکیل بھی تبدیل کردئیے گئے ہیں اوراب سابق پراسیکیوٹرز کی جگہ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل فیصل محمود راجا نئے وکیل مقررکر دیئے گئے۔


درخواست میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل فیصل محمود راجا نے موقف اختیار کیا ہے کہ فیصلے میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔ رفاقت ،حسنین، شیرزمان، عبدالرشید اوراعتزاز شاہ کو سزائے موت دی جائے جب کہ سعود عزیز، خرم شہزاد کی سزاوٴں میں اضافہ کرکے پھانسی کی سزا میں تبدیل کیا جائے۔

حکومت کے پاس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا آج آخری دن تھا جب کہ حکومتی اپیلوں کی سماعت 2 اکتوبرکو جسٹس طارق عباسی اور جسٹس حبیب اللہ عامر پر مشتمل ڈویثرن بینچ کرے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آصف زرداری اور مقدمے میں سزا یافتہ پولیس افسران سعود عزیز اور خرم شہزاد نے بھی فیصلے کے خلاے اپیلیں دائر کررکھی ہیں۔
Load Next Story