ممبئی کے ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ سے 22 افراد ہلاک 30 زخمی

چار ٹرینیں بیک وقت اسٹیشن آئیں جبکہ بارش بھی ہورہی تھی جس کی وجہ سے بعض خواتین پھسل گئیں اور بھگدڑ مچ گئی، پولیس

متعدد افراد نے پل سے چھلانگیں لگادیں جس کے نتیجے میں ان کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں اور شدید چوٹیں آئیں۔۔ فوٹو: انٹرنیٹ

بھارتی شہر کے ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ مچنے سے 22 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں ایلفنسٹن ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ مچنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بعض افراد شدید زخمی ہیں جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔



حکام کے مطابق کام کے اوقات میں ایلفنسٹن ریلوے اسٹیشن پر دفتر جانے والے لوگوں کا شدید رش ہوتا ہے اور بھگدڑ مچنے کا واقعہ پیدل چلنے والوں کے پل پر پیش آیا جو دو اسٹیشنوں کو ملاتا ہے۔



پولیس نے بتایا کہ 4 ٹرینیں ایک ساتھ آئیں جب کہ بارش بھی ہورہی تھی۔ بہت سارے لوگ ٹرینوں میں بیٹھنے کے لیے دوڑے جس کی وجہ سے بعض خواتین پھسل گئیں اور بھگدڑ مچ گئی جبکہ متعدد لوگ پیروں کے نیچے آکر کچلے گئے ۔




اس دوران ریلوے اسٹیشن اور پل پر اتنا ہجوم جمع ہوگیا کہ بعض افراد نے پل سے چھلانگیں لگادیں جس کے نتیجے میں کئی افراد کی ٹانگیں بھی ٹوٹ گئیں اور شدید چوٹیں آئیں۔



یہ بھی پڑھیں: ممبئی میں رہائشی عمارت منہدم ہونے سے 12 افراد ہلاک

سوشل میڈیا پر بھارتی شہریوں نے واقعے پر شدید غم و غصے کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ناکامی پر مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمارے ٹیکسز کا یہ اچھا صلہ مل رہا ہے۔


بھارتی میڈیا نے بتایا کہ پیدل چلنے والوں کا پل بھی انتہائی خستہ حال اور گنجائش سے چھوٹا ہے جسے ٹھیک کرانے کے لیے بارہا مطالبات کیے گئے لیکن حکومت کے کانوں پر جوں نہیں رینگی۔

Load Next Story