قومی سلامتی کمیٹی کا بھارت کی سرحدی خلاف ورزیوں پر تحفظات کا اظہار

قومی سلامتی کمیٹی میں نئی امریکی پالیسی اور پاکستان کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔


ویب ڈیسک September 29, 2017
وزیراعظم نے دورہ امریکا اور اہم ملاقاتوں سےمتعلق کمیٹی کواعتماد میں لیا،ذرائع - فوٹو: فائل

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں کمیٹی نے بھارت کی جانب سے مسلسل سرحدی خلاف ورزیوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس تقریباً 4 گھنٹے جاری رہا جس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیرمین جوائنٹ چیفس، ڈی جی آئی ایس آئی شریک ہوئے جب کہ وزیر دفاع خرم دستگیر اور وزیر داخلہ احسن اقبال بیرون ملک ہونے کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

اجلاس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے دورہ امریکا، چین اور ایران پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک پر واضح کیا ہے کہ افغان مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں اور افغانستان میں امن، مفاہمتی عمل کے لیے پاکستان کے کردار پر بھی بات ہوئی جب کہ ایران بھی افغان امن کی مذاکراتی حکمت عملی کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے بھی دورہ امریکا کے دوران اہم ملاقاتوں سے متعلق کمیٹی کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ برابری اور باہمی شراکت داری پر مبنی تعلقات کے حامی ہیں۔ شرکا نے افغان مصالحتی عمل اوراعلیٰ امریکی حکام کے مجوزہ دورہ پاکستان پر غور سمیت پاک افغان اور پاک بھارت سرحدی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ قومی سلامتی کمیٹی میں نئی امریکی پالیسی اور پاکستان کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں