ٹماٹر پیاز کی آسمان چھوتی قیمتوں نے مہنگائی 08 فیصد بڑھا دی

ایک ہفتے میں ٹماٹر 35 فیصداضافے سے اوسطاً 160، پیاز66.31 سے بڑھ کر 67.21 روپے فی کلو ہوگئی

10 اشیا کے دام کم،سال بہ سال انفلیشن2.9فیصدبڑھ بلند۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

ٹماٹر اور پیاز کی آسمان کو ہاتھ لگائی قیمتوں نے صرف ایک ہفتے کے اندر حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں ہفتہ بہ ہفتہ 0.8 فیصد اور سال بہ سال2.92 فیصد کا اضافہ کر دیا۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ٹماٹر کی قیمتیں بعض شہروں میں 200 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئیں جبکہ پیاز کے نرخ ایک بار پھر 90 روپے تک پہنچ گئے تاہم 27 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ٹماٹر کی ملک میں اوسط قیمت 35.22 فیصد (42روپے) کے اضافے سے 160.44 روپے فی کلوگرام رہی جو ایک ہفتے قبل 118.65 روپے فی کلوگرام ریکارڈ کی گئی تھی، یہ نرخ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 232.86 فیصد زیادہ ہیں۔

ٹماٹر کے ساتھ پیاز کی قیمتوں میں بھی ملک میں اوسطاً 1.36 فیصد کا اضافہ ہوا جو ایک ہفتے میں 66.31 سے بڑھ کر 67.21 روپے فی کلوگرام ہوگئی۔ یہ نرخ بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں 113.16 فیصد زیادہ ہیں، اس کے علاوہ گندم 0.81 فیصد کے اضافے سے 327.36 رروپے فی 10کلوگرام، اوسط معیار کا گڑ 0.63 فیصد بڑھ کر 86.06 روپے فی کلوگرام، خشک دودھ 0.63 فیصد کے اضافے سے فی400گرام ، دال چنا دھلی 0.61 فیصد بڑھ کر 124.64 روپے فی کلوگرام، آٹا 0.60 فیصد اضافے سے 372.96 روپے فی 10 کلوگرام، ایل پی جی 0.32 فیصد بڑھ کر 1186.18 روپے فی 11 کلو گرام (گھریلوسلنڈر)، دال مسور دھلی 0.30 فیصد کے اضافے سے 121.95 روپے فی کلوگرام، بکرے کا گوشت (اوسط معیار) 0.21 فیصد بڑھ کر 712.66 روپے فی کلوگرام، سرسوں کا تیل (اوسط معیار) 0.13 فیصد بڑھ کر 182.32 روپے فی کلوگرام، ویجیٹیبل گھی (کھلا/تھیلی) 0.07 فیصد کے اضافے سے 146.35 روپے فی کلوگرام اور جلانے کی لکڑی 0.01 فیصد بڑھ کر ملک میں اوسطاً 609.14 روپے فی 40 کلوگرام دستیاب ہے۔


اس طرح ایک ہفتے میں 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 10 کے اشیا سستی اور 30 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ پی بی ایس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران سب سے زیادہ کیلے3.56 فیصد(3روپے) گھٹ کر اوسطاً 63.98 روپے فی درجن ہوگئے جبکہ لہسن 3.02 فیصد (8روپے) کی کمی سے 179.74 روپے فی کلوگرام ہوگئے۔

اسی طرح چائے کی پتی0.85 فیصد، سرخ مرچ پسی ہوئی (کھلی)0.76 فیصد، زندہ مرغی 0.57 فیصد، آلو 0.37 فیصد، دال ماش دھلی0.34 فیصد، دال مونگ 0.11 فیصد، انڈے 0.10 فیصد اور چینی کی قیمتوں میں0.07 فیصد فی کلوگرام کمی ہوئی۔

پی بی ایس کے مطابق مہنگائی میں سب سے زیادہ اضافہ 8ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں کیلیے 0.88 فیصد ہوا جبکہ ماہانہ 12ہزار اور 18ہزار روپے تک آمدن والوں کیلیے 0.83 فیصد، 35ہزار روپے ماہانہ انکم گروپ کیلیے 0.79 فیصد اور 35ہزار روپے سے زیادہ ماہانہ کمانے والوں کیلیے مہنگائی کی شرح میں 0.71 فیصد کا اضافہ ہوا۔
Load Next Story