سنچورین ٹیسٹ میں شکست کیساتھ جنوبی افریقا کے ہاتھوں پاکستان کا وائٹ واش

جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیل اسٹین نے 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، ایبٹ اور کلینویلٹ نے 2،2 جبکہ پیٹرسن نے ایک وکٹ لی۔

پاکستانی بلے باز اظہر علی رن آؤٹ ہونے کے بعد کھڑے ہورہے ہیں۔ فوٹو: رائٹرز

جنوبی افریقا نے سنچورین ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور 18 رنز سے ہرا کر ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کے خلاف وائٹ واش مکمل کرلیا۔

جنوبی افریقا کے شہرسنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز 14 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو کریز پر اظہر علی اور یونس خان موجود تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو 29 رنز تک پہنچایا تو یونس خان کو ڈیل اسٹین نے پویلین کی راہ دکھائی انہوں نے 11 رنز بنائے، اس موقع پر عمران فرحت میدان میں اترے انہوں نے اظہر علی کے ساتھ مل کر پاکستان کے مجموعے کو 93 رنز تک پہنچایا، 54 رنز کی یہ شراکت اظہر علی کے رن آؤٹ ہونے پر ٹوٹی، اظہر علی نے 27 رنز کی اننگز کھیلی، 107 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو ایبٹ کے ہاتھوں عمران فرحت کی صورت میں چوتھا نقصان برداشت کرنا پڑا، انہوں نے 43 رنز بنائے۔ اسی مجموعے پر کپتان مصباح الحق بھی آؤٹ ہوگئے انہوں نے 5 رنز بنائے، دوسرے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرنے والے اسد شفیق بھی کچھ نہ کرسکے اور انہوں نے بھی صرف 6 رنز بنانے کے بعد واپسی کی راہ لی۔


اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد اور سعید اجمل نے پاکستان کے مستند بلے بازوں کو بیٹنگ کا طریقہ سکھایا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 69 قیمتی رنز جوڑے۔ ڈیل اسٹین نے 183 رنز کے مجموعی اسکور پر سعید اجمل کی وکٹ لےکر اس شراکت داری کو توڑا، سعید اجمل نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔ 202 رنز پر سرفراز احمد بھی پویلین لوٹ گئے وکٹ کیپر بیٹسمین نے 40 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ اسی مجموعے پر احسان عادل کی صورت میں پاکستان کو نویں وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ راحت علی اور محمد عرفان نے بھی مزاحمت کی کوشش کی اور آخری وکٹ کی شراکت میں 33 رنز جوڑے لیکن 235 رنز پر پیٹرسن نے راحت علی کو آؤٹ کرکے پاکستان کو وائٹ واش سے دوچار کردیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیل اسٹین نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا جبکہ ایبٹ اور کلینویلٹ کے ہاتھ 2،2 اور پیٹرسن نے ایک وکٹ لی۔

سنچورین ٹیسٹ میں شکست کے بعد جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش مکمل کرلیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹی 20 میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ یکم مارچ کو ڈربن میں ہوگا۔
Load Next Story