بھارت نے آسٹریلیا کو 14 سے سیریز ہراکر ون ڈے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

پانچویں ون ڈے میں بھارت نے 243 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا


ویب ڈیسک October 01, 2017
روہت شرما 125 رنز بناکر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ فوٹو : اے ایف پی

بھارت نے پانچویں اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف سیریز 1-4 سے اپنے نام کی بلکہ ون ڈے رینکنگ میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آخری میچ ناگ پور میں ہوا۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 53، ٹریوس ہیڈ 42 اور مارکس اسٹوئنس 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سے اسپنر اکسر پٹیل نے 3 جبکہ جسپریت بھمرا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 243 رنز کے ہدف کا تعاقب بھارت کے لیے معمول کی کارروائی ثابت ہوئی۔ میزبان ٹیم نے 42.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ بھارت کی جانب سے اوپنر اجنکیا راہانے اور روہت شرما نے ایک بار پھر زبردست شراکت داری قائم کی۔ دونوں نے پہلی وکٹ پر 124 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

اجنکیا راہانے 61 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم روہت شرما نے ایک بار پھر کلاسیکل اننگز کھیلتے ہوئے 125 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح تک پہنچایا۔ کپتان ویرات کوہلی 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کیدار یادیو 5 اور منیش پانڈے 11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ روہت شرما کو میچ کا جبکہ ہردیک پانڈیا کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا کو سیریز میں 1-4 سے شکست دینے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم ون ڈے رینکنگ میں دنیا کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقا پہلے نمبر پر موجود تھا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیریز کے اختتام کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے مجموعی پوائنٹس 120 ہوگئے ہیں جو کہ جنوبی افریقا سے ایک پوائنٹ زیادہ ہیں۔ 114 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔ انگلینڈ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں