پہلی فلم کا پریمیئر پاکستان میں ہونا اعزاز کی بات ہے سونل چوہان

بھارتی فنکاروں کو آج بھی پاکستان کے ویزے کے لیے کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سونل چوہان


Muhammad Javed Yousuf February 25, 2013
دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کا کریڈٹ مہیش بھٹ کو جاتا ہے ، سونل چوہان۔ فوٹو: فائل

پہلی ہی فلم کا پاکستان میں پرئمیئر باعث افتخار ہے' مختصر دورے کی حسین یادیں آج بھی دل ودماغ میں تروتازہ ہیں 'دوبارہ جب بھی موقع ملا تو پاکستان آنا چاہونگی۔

ان خیالات کا اظہار بھارتی ماڈل واداکارہ سونل چوہان نے ممبئی سے نمایندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سونل چوہان نے کہا کہ ''جنت ''میرے کیرئیر کی پہلی فلم تھی جس میں میرے مقابل عمران ہاشمی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا'جب مجھے معلوم ہوا کہ اس فلم کا پریمیئر پاکستان میں بھی ہوگا ' تو یقین جانیئے مجھے بطور اداکارہ بالی وڈ انڈسٹری کا حصہ بننے سے زیادہ پاکستان آنے کی خوشی تھی۔ یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی ' روایتی چٹخارے دار کھانوں کے حوالے سے بہت کچھ سن رکھاتھا' خواہش تھی کہ کبھی موقع ملا تو ضرور جائونگی۔

مگر یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ خواہش اتنی جلدی پوری ہوجائیگی۔ فلم ''جنت'' کے لیے جب پروڈیوسر مہیش بھٹ 'مکیش بھٹ اور عمران ہاشمی کے ساتھ پاکستان ائیرپورٹ پر پہنچے تو استقبال کے لیے آنیوالے پرستاروں کا ہجوم دیکھ کر حیران رہ گئی' ہر طرف سے پھولوں کے ہار اور پتیاں نچھاور ہورہی تھیں۔ اس دورے کے دوران جہاں بھی گئی وہاں پر پاکستانی پرستاروں نے اپنی والہانہ محبت اور پیار کا بھرپور اظہار کیا۔مجھے کہیں بھی احساس نہیں ہوا کہ میں پہلی مرتبہ یہاں آئی ہوں۔تین روز پر مشتمل اس مختصر دورے میں داتادربار ' رائل پام اور ایک ریسٹورنٹ کے علاوہ زیادہ گھومنے کا موقع تو نہ مل سکا 'مگر روایتی کھانوں سے خوب لطف اندوز ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ ان دنوں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتری کی طرف بڑھ رہے تھے جس کا کریڈٹ مہیش بھٹ کو جاتا ہے جنہوںنے نامساعد حالات کے باوجود دونوں ممالک کو قریب لانے میں اپنا کردار بھرپور انداز سے ادا کیا اورکر رہے ہیں۔سونل چوہان نے کہاکہ اب تو دونوں ممالک کے درمیان تجارت سمیت دیگر شعبوں میں حکومتی سطح پر مثبت اقدامات کیے گئے ہیں جو دونوں ممالک کی عوام کے ساتھ خطے میں رہنے والوں تمام لوگوں کے لیے خوش آیند بات ہے۔ دوسرے شعبوں کی طرح ثقافتی سطح پر بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے فنکارایک دوسرے کے ملک میں آجاسکیں'کیونکہ بھارتی فنکاروں کو آج بھی پاکستان کے ویزے کے لیے کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔



کچھ اس طرح کے اقدامات کیے جائیں کہ بھارتی فنکار پاکستان میں پرفارم کریں اور اپنے پرستاروں سے ملیں۔اپنے کیرئیر کے حوالے سے سوال کے جواب میں سونل چوہان نے کہا کہ 2005ء کا مس ورلڈ ٹورازم کا ٹائیٹل جیتنے والی پہلی بھارتی ہوں۔مس ورلڈ ٹورازم کا اعزاز جیتنے کے بعد معروف ماڈلز میں شمار ہونے لگا ' تمام بڑے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے کمرشلز کا حصہ بنی ۔ڈائریکٹر کنال دیش مکھ سے ممبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں ملاقات ہوئی 'جہاں انھوں نے مجھ سے ٹیلی فون نمبر لیا اور چند روز بعد فلم ''جنت'' کی آفر کردی۔ اس سے قبل میوزک ڈائریکٹر اور گلوکار ہمیش ریشمیا کے البم ''آپ کا سرور'' کا ویڈیو کیا۔''جنت ''میں میری پرفارمنس کو دیکھتے تیلگو فلم Rainbow ملی اس کے علاوہ ایک کنڈا فلم بھی کی۔ پچھلے سال بی بگ امیتابھ بچن کی فلم ''بڈھا ہوگا تیرا باپ'' میں سونو سود کے مقابل ہیروئن کا کردار نبھایا۔

پندرہ مارچ کو نتن نیل مکیش کے ساتھ ہارر اور سپنس فلم ''تھری جی'' ریلیز ہورہی ہے جس میں اپنی آواز میں ایک گیت بھی ریکارڈ کروایا ہے۔ نتن نیل مکیش کے ساتھ افیئر کے سوال پرانھوں نے کہا کہ بالی وڈ انڈسٹری میں اس طرح کی افواہیں روز کا معمول ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے کام میں سنجیدگی دکھائی ہے اور اس طرح کے فضول کاموں کے لیے وقت نہیں۔ انھوں نے کہا کہ جلد بالی وڈ میں عمدہ اداکاری سے مقام بنا لوں گی۔ سونل چوہان کا کہنا تھا کہ میری بہتر صحت کا راز زیادہ پانی اور صبح اٹھ کر وزرش کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ فالتو وقت میں ہلکی پھلکی چہل قدمی کروں۔

انھوں نے کہا کہ آنے والا دور نئے فنکاروں کا ہے جو بالی وڈ میں قدم جمانے کے لیے بھر پور کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا میں نے ہمیشہ ساتھی اداکاروں کے ساتھ بہتر ماحول میں کام کرنے کو ترجیع دی ہے ۔ بالی وڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی فلم کی کامیابی کا انحصار اچھے اسکرپٹ پر ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کے انتخاب میں بہت احتیاط سے کام لیتی ہوں، یہی وجہ ہے کہ کم فلموں میں نظر آرہی ہوں۔سونل چوہان کا کہنا تھا کہ اس وقت تک اپنے کام سے مطمئن نہیں ہوتی جب تک کردا کے مطابق ڈھل نہ جائوں ۔ انھوںنے کہا کہ فلم رائٹروں کو نئے موضوعات کے حوالے سے کام کرنا چاہیے کیونکہ گھسے پٹے موضوعات سے لو گ عاجز آچکے ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ بالی وڈ میں اگرچہ اچھا کام ہورہا ہے تاہم پھر بھی بہتری کی گنجائش رہتی ہے۔ انھوں نے شارٹ کٹ سے حاصل کی جانے والی کامیابی دیرپا نہیں ہوتی لہذا محنت سے مقام کے حصول کے لیے کوشاں ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |