وفاقی وزراء کو احتساب عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا گیا

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عدالتی احکامات پر عملدرآمد کروایا، سیکٹر کمانڈربریگیڈئر آصف اقبال

رینجرز نے وزیرداخلہ سمیت وفاقی وزراءکو احتساب عدالت میں داخلے سے روک دیا،فوٹو،انٹرنیٹ

وزیرداخلہ احسن اقبال اور وزیر مملکت طلال چودھری سمیت وفاقی وزراء اور وفاقی کابینہ کے کئی ارکان کو رینجرز نے احتساب عدالت میں داخلے سے روک دیا تاہم بعد ازاں یہ پابندی اٹھالی گئی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سمیت دیگر وفاقی وزراء جب احتساب عدالت میں داخل ہونے لگے تو سیکیوریٹی پر مامور رینجرز اہلکاروں نے انہیں اندر داخل ہونے سے روک دیا، وزیرداخلہ نے رینجرز اہلکاروں سے اپنا تعارف کروایا تاہم اس کے باوجود بھی انہیں احتساب عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔


اس موقع پر وزیر داخلہ کی سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ بحث بھی ہوئی جس میں احسن اقبال نے اہلکاروں سے کہا کہ وہ وزیرداخلہ ہیں اور رینجرز ان کے ماتحت ہیں، بتایا جائے کہ کس نے رینجرز کو یہاں تعینات کرنے کا حکم دیا ہے، وزیرداخلہ نے اہلکاروں سے پوچھا کہ رینجرز کو کون کمانڈ کررہا ہے تاہم کوئی افسر سامنے نہیں آیا۔

بعد ازاں رینجرز کے سیکٹر کمانڈربریگیڈئر آصف اقبال کا احتساب عدالت کے باہر کا دورہ کیا تو وفاقی وزیر دانیال عزیز نے ان سے ملاقات کی اور انہیں وفاقی وزرا کے عدالت میں داخلے کی اجازت نہ ملنے سے آگاہ کیا۔ جس پر بریگیڈئیر آصف نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عدالتی احکامات پر عملدرآمد کروایا، عدالت نے وزراء کو احاطہ عدالت میں داخل ہونے کی اجازت دے دی۔ وزرا آنا چاہیں تو کوئی روک ٹوک نہیں۔
Load Next Story