قائداعظم ٹرافی فائنل سیالکوٹ کی 139 پر 4 وکٹیں گرگئیں

ایونٹ کے باٹم سکس میںفیصل آباد 273 پر آؤٹ،بہاولپور کی بھی صفر پر 2وکٹیں گر گئیں.

لاہور میں اتوار کو ہونے والی بارش کے باعث قذافی اسٹیڈیم میں میچ تاخیر کا شکار ہوا. فوٹو : فائل

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میںبارش سے متاثرہ پہلے روز کے کھیل کے خاتمہ پر سیالکوٹ نے کراچی بلوز کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں4 وکٹیں گنوا کر 139رنز بنالیے۔

باٹم سکس ٹرافی کے فائنل میں فیصل آباد کی ٹیم بہاولپور کے خلاف پہلی اننگز میں 273 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، عمران اللہ نے 5وکٹیں حاصل کیں،جواب میں بہاولپور کی پہلی دو وکٹیں بغیر کسی اسکور کے گرگئیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق لاہور میں اتوار کو ہونے والی بارش کے باعث قذافی اسٹیڈیم میں میچ تاخیر کا شکار ہوا اور محض 52.3اوورز ہی کھیلے جا سکے، مقررہ وقت کے بجائے دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہونے والے 5 روزہ فائنل میں کراچی بلوز نے ٹاس جیت کر سیالکوٹ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، سیالکوٹ کی جانب سے ماجد جہانگیر نے54 رنز کی اننگز کھیلی جس میں10چوکے بھی شامل تھے، شکیل انصار 11 رنز بناکر ڈریسنگ روم پہنچ گئے۔




فیصل رشید کوئی رن بنائے بغیر ہی پویلین لوٹے،محمد ایوب 49 اورمنصور امجد 11 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں،انور علی نے 32 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جبکہ طارق ہارون اور اکبر رحمان کے حصہ میں 1،1 وکٹ آئی،دوسری جانب ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں باٹم سکس کے فائنل میں فیصل آباد نے بہاولپور کے خلاف اپنی اننگز میں 83.2 اوورز میں 273 رنز بنائے، محمد سلمان69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، انھوں نے7مرتبہ گیند کو بائونڈری کے پار پہنچایا،علی وقاض نے 41 رنز کا حصہ ڈالا، بلال بٹ 28 رنز جوڑنے میں کامیاب ہوئے جبکہ سمیع اللہ خان نیازی 28 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، عمران اللہ نے83 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو واپس پویلین پہنچایا،عطااللہ نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔پہلے روز کھیل کے خاتمہ پر بہاولپورکی پہلے اوور کی 4 گیندوں پر بغیر کسی رن کے دو وکٹیں اڑ گئیں۔
Load Next Story