مرینا نے24 سال بعد نیوزی لینڈ کوٹینس ٹائٹل جتوادیا

مرینا نے پہلا سیٹ 6-1 سے جیتا اور پھر لیسکی کے ریٹائر ہونے کے بعد ٹائٹل پر اپنا حق جتا دیا۔


AFP February 25, 2013
مرینا نے میمفس میں جرمنی کی تھرڈ سیڈ سبین لیسکی کو ہرا کر اپنے کیریئر کی پہلی ٹرافی حاصل کی ۔ فوٹو: فائل

مرینا ایراکووچ 24 سال بعد ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتنے والی نیوزی لینڈ کی پہلی کھلاڑی بن گئیں۔

انھوں نے میمفس میں جرمنی کی تھرڈ سیڈ سبین لیسکی کو ہرا کر اپنے کیریئر کی پہلی ٹرافی حاصل کی ۔ آخری مرتبہ نیوزی لینڈ کی بیلنڈا کورڈویل نے سنگاپور میں 1989 میں ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتا تھا۔ ایراکووچ نے اعتماد کے ساتھ پہلا سیٹ 6-1 سے جیتا اور پھر لیسکی جو کھیلنے میں مشکل محسوس کررہی تھیں کے ریٹائر ہونے کے بعد ٹائٹل پر اپنا حق جتا دیا۔ جارحانہ کھیل کھیلنے والی جرمن پلیئر کئی دنوں سے بیمار تھیں۔ اس اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے مشترکہ ایونٹ کے مینز مقابلوں میں جاپان کے 5سیڈ کی نشکوری فائنل میں پہنچ گئے ۔

انھیں بھی کچھ اسی طرح فتح نصیب ہوئی جب آسٹریلیا کے مرنکو میٹوسیوک سے مقابلے میں انھوں نے پہلا سیٹ 6-4سے جیت لیا تھا کہ میٹوسیوک انجری کی وجہ سے کھیل کو جاری نہ رکھ سکے اور میچ سے ریٹائر ہوگئے۔ نشکوری اب ٹائٹل کے حصول کے لیے اسپین کے فلکیانو لوپز کا سامنا کریں گے۔ لوپز نے ازبکستان کے ڈینس استومن کو 6-2, 3-6 اور 6-3 سے زیر کیا تھا۔ ایراکووچ جو گذشتہ سال میمفس میں صوفیہ اروڈسن سے مقابلے میں رنر اپ رہی تھیں کہتی ہیں کہ یہ میرا پہلا ٹائٹل ہے اور بدقسمتی سے یہ ایسے حاصل ہونا تھا، میں امید کرتی ہوں کہ ہم مستقبل میں کئی مزید فائنلز کھیلیں گے۔ لیسکی نے مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ میں میچ کو ختم نہ کرسکی، میں چند دنوں سے بیمار ہوں اس لیے بہتر نہ کھیل سکی، ایراکووچ نے اچھا کھیل پیش کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں