عمران خان ملک دشمن عناصر کے ساتھ ملے ہوئے ہیں مریم اورنگزیب

عمران خان قانونی اورعوامی عدالت سے سزا کا انتظار کریں، وزیرمملکت اطلاعات


ویب ڈیسک October 02, 2017
خان صاحب مبارک ہو الیکشن بل پارلیمنٹ سے پاس ہوگیا، وزیرمملکت اطلاعات- فوٹو: فائل

وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ جھوٹ بولا اور ملکی ترقی کو روکنے کی بات کی اور وہ ملک دشمن عناصر کے ساتھ ملے ہوئے ہیں جب کہ انہیں الیکشن بل پارلیمنٹ سے پاس ہونے پر مبارکباد دیتی ہوں۔

وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ افسوس آج بھی عمران خان انتشار پھیلانے میں مصروف رہے، عمران صاحب آپ کب اللہ سے توبہ کریں گے، آپ کو شرم کیوں نہیں آتی، اور آپ کب پاکستان کے عوام سے معافی مانگیں گے، آپ نے ہمیشہ جھوٹ بولا،ملکی ترقی کو روکنے کی بات کی مگر اس کے برعکس نوازشریف نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی،سلامتی اورامن کی بات کی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان اور نواز شریف کا کوئی موازنہ نہیں، خان صاحب اپنا موازنہ ان سے صرف اپنا قد بڑھانے کے لیے کرتے ہیں۔ نوازشریف 30 سال کا حساب دے رہے ہیں اور جھوٹے الزامات کے باوجود خود کو قانون کے سامنے پیش کررہے ہیں مگر عمران خان نے 4 سال میں خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ جو کیا، عوام 2018 میں اس کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک دشمن عناصر کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور عوام ان کی اصلیت جان چکی ہے، عمران خان قانونی اورعوامی عدالت سے سزا کا انتظار کریں۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اپنی چوری اور جرم کا اعتراف خود کر چکے ہیں، پارٹی فنڈنگ کے لیے جوا کس نے کھیلا، بنی گالا کا گھر کس جوئے کی رقم سے لیا، بھارتیوں اور یہودیوں سے پارٹی فنڈنگ کس نے لی یہ سب جواب عمران خان کو دینے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں