پروٹیز بنگال ٹائیگرز کو عرش سے فرش پر واپس لے آئے

پہلے ٹیسٹ میں333رنزکی فتح،ناکام سائیڈ 90 پر ڈھیر، مہاراج نے 4 وکٹیں لیں

پہلی اننگز میں 199 رنز بنانے والے ڈین ایلجر کومین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ فوٹو : ا ے ایف پی

پروٹیز بنگال ٹائیگرز کو عرش سے فرش پر واپس لے آئے، پہلے ٹیسٹ میں333 رنز کی فتح سے سیریز میں 1-0 کی برتری بھی حاصل ہوگئی۔

اپنے ملک اور سری لنکا میں چند اہم ٹیسٹ کامیابیاں سمیٹنے والی بنگلادیشی سائیڈ جنوبی افریقہ پہنچتے ہی پرانی ڈگر پر لوٹ آئی، پہلے ٹیسٹ میں 424 رنزکے تعاقب میں پوری ٹیم 90 پر ڈھیر ہوکر 333 رنز کی شکست سے دوچار ہوگئی، امرالقیس نے سب سے زیادہ 32 رنز بنائے، مشفیق الرحیم 16 اور مہدی حسن 15 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، باقی کوئی بھی کھلاڑی 9 رنز سے آگے نہیں بڑھ پایا، کیشو مہاراج نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ربادا نے 3 اور مورکل نے 2 وکٹیں لیں۔


اس سے پہلے دوسری اننگز کے آغاز پر صرف 38 رنز پر 2 وکٹیں گنوانے والی جنوبی افریقی ٹیم کی تیسری وکٹ 70 کے مجموعے پر گری، جب ہاشم آملا 28 رنز پر مستفیض الرحمان کی گیند پر وکٹ کیپر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ اگلی وکٹ کیلیے مہمان سائیڈ کو کافی انتظار کرنا پڑا، اس دوران ٹیمبا باووما(71)اور فاف ڈوپلیسی(81) نے 142 رنز جوڑ کر مجموعے کو 212 تک پہنچایا، دونوں کو مومن الحق نے اپنے 2 اوورز کے دوران میدان بدر کیا، کوئنٹین ڈی کک (8) بھی مومن کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے، جب مجموعہ 6 وکٹ پر 247 تک پہنچا تو میزبان ٹیم نے اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، مومن نے 3 اور مستفیض نے 2 وکٹیں لیں۔

پہلی اننگز میں 199 رنز بنانے والے ڈین ایلجر کومین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
Load Next Story