سعودی حکومت کا اقدام حج و عمرے کیلیے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

عمرہ زائرین اور حج و عمرہ کمپنیوں میں تشویش، چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں کے لوگوں کو مشکلات پیش آئیں گی

ٹریول اینڈ ٹورازم کمپنیوں کو چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں بائیومیٹرک سسٹم کی خدمات کی فراہمی کا اختیار دینے کی تجویز۔ فوٹو:فائل

سعودی حکومت نے حج و عمرہ کیلیے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

حج و عمرے کی ادائیگی کیلیے حجاز مقدس جانے والوں کی اکثریت چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں رہتی ہے اور ان کیلیے بڑے شہروں میں آکر بائیومیٹرک کیلیے اپنے آپ کو پیش کرنا مشکل ہوگا،حج کمپنیوں نے تجویز پیش کی ہے کہ بائیومیٹرک سسٹم متعارف کرانے کی صورت میں حکومت پاکستان سے منظورشدہ ٹریول اینڈ ٹورازم کمپنیوں کویہ اختیار دیا جائے کہ وہ چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں بائیومیٹرک سسٹم کی خدمات پیش کریں، ایک تجویز یہ بھی ہے کہ مختلف شہروں اور قصبات میں نادرا کے دفاتر میں بائیومیٹرک سسٹم کے سلسلے میں عمرہ زائرین اور عازمین حج کیلیے الگ کاؤنٹر کھولا جائے۔ دوسری جانب سعودی حکومت ماضی میں بھی یہ نظام متعارف کراچکی ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا تھا۔


خیال رہے کہ فیصلے پر عمل درآمد سے دیہی علاقوں کے لوگوں کو مشکلات پیش آئیں گی کیونکہ بائیو میٹرک سسٹم کے مراکز محدود ہیں ماضی میں بھی بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن عمرہ زائرین اور عازمین حج کی مشکلات کے پیش نظر اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا لیکن اب سعودی حکومت نے اس فیصلے پر عملدرآمد کیلیے جائزہ لینا شروع کردیا ہے، بائیومیٹرک سسٹم متعارف کرائے جانے کی اطلاعات سے عمرہ زائرین اور حج و عمرہ کمپنیوں میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سے ہر سال10 لاکھ کے لگ بھگ زائرین عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلیے سعودی عرب جاتے ہیں جبکہ ایک لاکھ 80 ہزار عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے سعودی عرب جاتے ہیں۔
Load Next Story