حکومت کی توجہ ایک جھوٹے شخص کو بچانے پر مرکوز ہے طاہر القادری

ایک جھوٹا شخص 21 کروڑ عوام کی تقدیر کے سیاہ و سفید کا مالک نہیں ہوسکتا، سربراہ پاکستان عوامی تحریک

کسی لٹیرے، قاتل اور جھوٹے کو اقتدار کے ایوانوں میں برداشت نہیں کیا جائیگا، طاہرالقادری ۔ فوٹو: فائل

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ دنیا دہشتگردی کی جنگ میں قربانیاں دینے والے پاکستان پر دہشتگردوں کی پشت پناہی کا الزام لگا رہی ہے جب کہ حکومت کی توجہ ایک جھوٹے شخص کو بچانے پر مرکوز ہے۔


پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے ممبران اور سنیئر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ دنیا دہشتگردی کی جنگ میں 73ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دینے والے پاکستان پر دہشتگردوں کی پشت پناہی کا انتہائی خطرناک الزام لگا رہی ہے جب کہ حکومت کی توجہ ایک جھوٹے شخص کو بچانے پر مرکوز ہے، نا اہل کو پارٹی صدر بنانے کیلئے قانون سازی کر کے پاکستان کے اسلامی جمہوری تشخص کا چہرہ داغدار اور ایماندار محب وطن پاکستانیوں کو پارلیمانی جمہوریت سے متنفر کیا جا رہا ہے، ایک خائن کیلئے پارلیمنٹ کے فلور کو استعمال کر کے آئندہ نسلوں کو کیا اخلاقی پیغام دیا جا رہا ہے۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ایک جھوٹا شخص 21 کروڑ عوام کی تقدیر کے سیاہ و سفید کا مالک نہیں ہوسکتا،اب وقت آ گیا ہے کہ یہ بات طے کرلی جائے کہ کسی لٹیرے، قاتل اور جھوٹے کو اقتدار کے ایوانوں میں برداشت نہیں کیا جائیگا جب کہ پاکستان کے نوجوانوں اور پڑھے لکھے طبقات کو چپ کا روزہ توڑ دینا چاہیے اورپاکستان کو جھوٹوں اور لٹیروں کے چنگل سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
Load Next Story