عالمی برادری کشمیر میں بھارت کیجانب سے کھیلی جانیوالی خون کی ہولی فوری رکوائے پاکستان

مقبوضہ کشمیر میں مزید 8 کشمیریوں کی شہادت پر پاکستان کی شدید مذمت

کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے جہاں قابض افواج نے دو دن کے دوران 8 نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر بھارتی مظالم کا سلسلہ فوری طور پر رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔


کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے دو روز کے دوران سری نگر، کپواڑہ اور بارہ مولا میں 8 کشمیریوں کو سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا۔ رپورٹس کے مطابق سری نگر کے علاقے ہمہاما میں بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 3 نوجوانوں کو شہید کیا جبکہ گزشتہ روز کپواڑہ اور بارہ مولا کے علاقوں تنگ دھار اور اڑی میں 5 کشمیریوں کو شہید کیا گیا تھا۔

پاکستان نے نہتے کشمیری شہریوں پر مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے کھیلی جانے والی خون کی ہولی کو فوری طور پر رکوائے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور ہم فورسز کے ہاتھوں مزید 8 بے گناہ کشمیریوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہیں۔
Load Next Story