شام میں امریکی عسکری اتحاد کی بمباری میں 18 شہری جاں بحق

حملہ شدت پسند تنظیم داعش کے سابق گڑھ رقہ میں کیا گیا

امریکی عسکری اتحاد کی بمباری میں 4 بچے بھی جاں بحق ہوئے۔ فوٹو : فائل

شام کے شہر رقہ میں امریکی عسکری اتحاد کے فضائی حملے میں 4 بچوں سمیت 18 شہری جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش کے سابق گڑھ رقہ میں امریکی عسکری اتحاد نے فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 18 عام شہری جاں بحق ہوگئے۔ شامی مبصر تنظیم برائے انسانی حقوق کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں چار بچے بھی شامل ہیں۔


خیال رہے کہ امریکی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز اور اس کے اتحادی کرد اور عرب جنگجوؤں نے رواں برس جون میں رقہ میں داعش کے خلاف مزاحمت شروع کی تھی اور اب تک رقہ کے 90 فیصد علاقے کو داعش سے پاک کرایا جاچکا ہے۔ اس مزاحمت کے دوران امریکی عکسری اتحاد کی فضائی معاونت بھی حاصل رہی تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی بمباری میں سیکڑوں عام شہری ہلاک اور بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

امریکی عسکری اتحاد کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی فضائی حملے سے قبل عام شہریوں کے نقصان کو کم سے کم رکھنے کے لیے انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کرتا ہے اور اگر حملے میں عام شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوں تو اس کی جامع تحقیقات کی جاتی ہیں۔

گزشتہ ماہ امریکی عسکری اتحاد نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ 2014 سے اب تک عراق و شام میں اس کے فضائی حملوں میں 735 عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں تاہم وہاں موجود رضاکاروں کا کہنا ہے کہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
Load Next Story