کرپٹ لوگوں کی آؤ بھگت قیامت کی نشانی ہے عمران خان

آصف زرداری اور ان کی بہن فریال کا میرے خلاف ہرجانے کادعوی مضحکہ خیز ہے، چیئرمین تحریک انصاف

آصف زرداری اور ان کی بہن فریال کا میرے خلاف ہرجانے کادعوی مضحکہ خیز ہے، چیئرمین تحریک انصاف ۔ فوٹو : فائل

BAHAWALPUR:
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے (ن) لیگ کی جانب سے نواز شریف کو دوبارہ پارٹی صدر بنانے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کرپٹ لوگوں کی آؤ بھگت کرنا قیامت کی ایک نشانی ہے۔

سماجی رابطے کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ مضحکہ خیز ستم ظریفی ہے کہ آصف زرداری اور ان کی بہن فریال نے میرے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ صرف اس لیے دائر کیا کیوں کہ میں نے ان کی بے بہا کرپشن پر بات کی۔



ایک اور ٹوئٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےعمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نواز شریف کو جماعت کا سربراہ بنانا ایسا ہی ہے جیسے پاگلوں نے پاگل خانے پر قبضہ کر لیا ہو۔




عمران خان نے مزید کہا کہ کرپٹ لوگوں کی آؤ بھگت کرنا قیامت کی ایک نشانی ہے۔



واضح رہے کہ تین روز قبل قومی اسمبلی میں الیکشن ریفارمز بل 2017 منظور کر لیا گیا تھا جس کے بعد نواز شریف کے ایک بار پھر پارٹی صدر بننے کی راہ ہموار ہوئی تھی اور اسکے اگلے روز ہی مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کے اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو بلا مقابلہ پارٹی کا صدر منتخب کر لیا گیا تھا۔
Load Next Story