کراچی میں تیز دھار آلے سے ایک اور خاتون زخمی

تیز دھار آلے کی مدد سے اب تک 13 خواتین زخمی ہو چکے ہیں


ویب ڈیسک October 05, 2017
زخمی ہونے والوں میں 13 سالہ بچی اور یونیورسٹی کی طالبہ بھی شامل ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس ویب

کراچی میں خواتین پر تیز دھار آلے کی مدد سے حملے کے واقعات میں کمی نہ آ سکی اور مزید ایک خاتون کو چھری کے وار سے زخمی کر دیا گیا جس کے بعد متاثرہ خواتین کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔

ایکسریس نیوز کے مطابق کراچی میں تیز دھار آلے سے حملے گلستان جوہر کے بعد دیگر علاقوں میں بھی پھیل گئے ہیں اور موٹر سائیکل پر سوار حملہ آور نے مختلف علاقوں میں 13 خواتین کو زخمی کر دیا ہے۔ آج تازہ ترین حملہ گلستان جوہر کے علاقے میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار حملہ آور ایک خاتون پر حملہ کر کے فرار ہو گیا۔

گزشتہ روز بھی گلستان جوہر میں نامعلوم حملہ آور نے تیز دھار آلے کی مدد سے 28 سالہ طاہرہ کو زخمی کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ ایک اور حملہ گلشن جمال میں کیا گیا تھا جس میں سونیا نامی لڑکی زخمی ہوئی تھی، دوسرا حملہ راشد منہاس روڈ پر نورین اور تیسرا حملہ نیپا چورنگی کے قریب عریشہ نامی لڑکی پر کیا گیا۔ نیپا چورنگی کے قریب زخمی ہونے والی عریشہ اردو یونیورسٹی کی طالبہ تھی۔

خواتین پر حملوں کی چوتھی واردات گلشن اقبال کے علاقے میں ہوئی جہاں درندہ صفت حملہ آور نے 13 سالہ بچی کو گھر کے قریب نشانہ بنا کر زخمی کیا۔ متاثرہ لڑکی کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کی کمر پر زخم آئے جسے طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایس پی گلشن اقبال کے مطابق تینوں خواتین کو تیز دھار آلے سے زخمی کیا گیا اور یہ واقعات نیپا چورنگی، راشد منہاس روڈ اور ڈالمیا کے قریب پیش آئے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں خواتین کو چاقو سے زخمی کرنے والے ملزم نے دہشت پھیلادی

واضح رہے کہ خواتین پر تیز دھار آلے سے پہلا حملہ گزشتہ ماہ 25 ستمبر کو گلستان جوہر کے علاقے میں ہوا تھا اور اس کے بعد سے اب تک خواتین پر حملوں کے 13 واقعات ہو چکے ہیں۔ حکومت کی جانب سے حملہ آور کی گرفتاری میں معاونت کرنے پر 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کر رکھا ہے لیکن اس کے باوجود حملہ آور تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں