کے الیکٹرک انتظامیہ میٹر لگانے میں ٹال مٹول سے کام لینے لگی

میٹرکے بجائے کنڈے لگادیے جاتے ہیں، میٹر کیلیے درخواست دینے والے شہریوں کو ماہانہ فکس بل بھیجے جا رہے ہیں

میٹر کیلیے ابتدائی چالان بھی جمع کرادیا،جرمانہ لگا کر بل بھیج دیاجاتاہے، متاثرین، شکایت بے بنیاد ہے، کے الیکٹرک فوٹو؛ فائل

کراچی میں بجلی کے میٹر کے حصول کیلیے شہری در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبورہیں،کے الیکٹرک انتظا میہ نے میٹرکے بجائے کنڈے لگادیے،ہزاروں روپے کے فکس بل ماہانہ بھیجے جارہے ہیں،صارف جتنی بھی بجلی استعمال کرے لیکن اس کو فکس ادائیگی ہی کرنی ہے،انتظامیہ جب چاہے صارف پر بجلی چوری کا الزام لگا کر ہزاروں روپے جرمانہ بھی کردیا جاتا ہے۔


تفصیلات کے مطابق کر اچی میں کے الیکٹرک انتظامیہ شہریوں کوجہاں بجلی کی فر اہمی بلاتعطل دینے میں ناکام دکھائی دیتی ہے ،اس کے ساتھ متعدد علاقوں میں مکین بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی اذیت کے ساتھ بجلی کے میٹر کے حصول کیلیے بھی کے الیکٹرک دفاترکے چکر لگانے پر مجبور ہیں متاثرہ علاقوں میں گلشن اقبال،گلستان جوہر، سرجانی ٹاؤن ،گلشن معمار، احسن آباد سمیت دیگر شامل ہیں، متاثرین نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے چند ماہ نہیں بلکہ کئی سال سے میٹرکیلیے کے الیکٹرک میں درخواست جمع کرائی ہے،اس کا ابتدائی چالان بھی جمع کرا دیا ہے لیکن کے الیکٹرک انتظامیہ کی جانب سے اب تک میٹر نہیں لگائے گئے،کنڈے کے ذریعے بجلی فراہم کی جارہی ہے اور گھر کا لوڈ چیک کرکے ماہانہ 20ہزار روپے وصول کیا جارہا ہے،جب کے الیکٹرک انتظامیہ جب دل کرتا ہے بجلی چوری کا الزام لگا کر جرمانہ عائد کردیا جاتا ہے،متاثرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک بجلی چوری ثابت بھی نہیں کرسکی لیکن ہم جرمانہ اور بھاری ماہانہ بل ادا کرنے پر مجبورہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کنڈے کے ذریعے جو شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی فر اہم کرتی ہے۔

اس کے ذریعے وہ شہریوں کےکروڑوں روپے لوٹ رہی ہے اورکوئی کہنے والا نہیں ، ذرائع نے بتایا کہ کے الیکٹرک کے پاس ہزاروں کی تعداد میں نئے میٹرز کی درخواستیں موجود ہیں، یہ درخواستیں ایک سال سے لیکر 10 سال تک کی ہیں ،مختلف علاقوں میں گھر بند ہونے کے باجود کنڈا کنکشن والے صارفین سے ماہانہ فکس رقم وصول کی جاتی ہے،شہریوں کا شدید مشکلات کا سامنا ہے،شہریوں نے اپیل کی ہے کے الیکٹرک کے اس عمل سے ہماری جان چھڑائی جائے،ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نئے میٹر کے حوالے سے شکایت بے بنیاد ہے اگر کسی صارف کوکوئی مشکلات ہیں تو ہم کو بتائیں،ترجمان کے الیکٹرک نے شہر میں کتنے کنڈے کنکشن ہیں یہ بتانے سے گر یز کیا،شہر میں نئے کنکشن کے حصول کیلیے ہزاروں شہری پر یشانی کا شکار ہیں۔
Load Next Story