چائے کی پیالی ہلائیے اور ٹی وی بند کیجئے

حرکات نوٹ کرنے والے ویب کیم کے ذریعے گھر کے چمچے اور برتنوں کو بھی ریموٹ کنٹرول بنایا جاسکتا ہے۔


ویب ڈیسک October 06, 2017
میچ پوائنٹ سسٹم کے ذریعے صرف حرکات و سکنات سے ٹی وی اور دیگر آلات کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ فوٹو: فائل

بہت جلد آپ کو ریموٹ کنٹرول سے ٹی وی بند کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ ایک حساس ویب کیم کے ذریعے گھریلو اشیا کو ریموٹ کنٹرول میں تبدیل کیا جاسکتا ہے اور یوں مختلف اشیا کی حرکات سے ٹی وی اور دیگر آلات کو کھولا اور بند کیا جاسکتا ہے۔

اس نظام کو 'میچ پوائنٹ' کا نام دیا گیا ہے جس کے ذریعے آپ مختلف اشیاء یا جسمانی حصوں کو بھی منتخب کرکے ان سے ٹی وی کنٹرول کرسکتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ ٹی وی اسکرین مختلف آئی کنز کو ظاہر کرتا ہے جن کے انتخاب سےآپ چینل بدلنے یا آواز کم زیادہ کرنے کا کام لے سکتے ہیں۔ اس کے بعد کسی شے سے ہوا میں دائرہ بنائیں تو ریموٹ اس سے چینل بدلے گا۔ یا کپ کو حرکت دینے سے ٹی وی کی آواز کم یا زیادہ کی جاسکتی ہے اور اس کا ایک سلائیڈر خود ٹی وی اسکرین پر اس وقت تک دکھائی دیتا ہے جب تک کیمرہ اس شے کی حرکت نوٹ کرتا رہتا ہے۔

ایسے نظام اشیا اور لوگوں کی شناخت کرنے کےلیے بنائے جاتے ہیں لیکن ان کی پوزیشن میں تبدیلی سے وہ ناکام ہوجاتے ہیں۔ البتہ میچ پوائنٹ حرکات کو نوٹ کرتا ہے اور ضروری نہیں کہ وہ شے مکمل طور پر کیمرے کے سامنے بھی ہو۔ اسے لنکاسٹر یونیورسٹی کے کرسٹوفر کلارک اوران کے ساتھیوں نے تیار کیا ہے۔ کسی بے اختیاری حرکت اور اس کے نتیجے میں ٹی وی میں ہونے والی تبدیلی کو روکنے کےلیے آپ مخصوص اشارے منتخب کرسکتے ہیں جو اچانک واقع نہیں ہوتے مثلاً کسی شے کا ہوا میں دائرہ بنانا یا تیزی سے زگ زیگ میں کسی شے کو حرکت دینا وغیرہ۔

سرجری میں استعمال

اگر آپ کے ہاتھ مختلف کاموں میں مصروف ہوں تب بھی یہ نظام حرکات کی بنیاد پر احکامات صادر کرسکتا ہے۔ اسی طرح کھانا پکاتے ہوئے آپ لیپ ٹاپ استعمال کرسکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق آپریشن تھیٹر میں مصروف سرجن اس سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ مثلاً اگر سینئر سرجن اوزار کے ساتھ تھیٹر میں آپریشن کررہا ہے تو وہ بار بار اوزار نیچے نہیں رکھتا کیونکہ اس سے اوزار آلودہ ہونے کا خطرہ ہوجاتا ہے اور اب وہ اسکرین پر اشارے سے ہی معلومات حاصل کرسکے گا۔ اس طرح میچنگ پوائنٹ کو انفرادی استعمال کے لیے تیار کیا جاسکتا ہے۔

تاہم اب تک یہ نظام کم روشنی اور چھوٹی اشیا کےلیے بہت کارآمد ثابت نہیں ہوا ہے اور اس کی یہ خامی دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |