برازیل میں اسکول گارڈ کے حملے میں 4 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک

سیکیورٹی گارڈ نے آتش گیر مادہ لے کر بچوں پر حملہ کردیا اور خود کو بھی آگ لگالی


ویب ڈیسک October 05, 2017
حملہ آور نے آتیش گیر مادہ چھڑک کر بچوں اور خود کو آگ لگالی۔ فوٹو : سوشل میڈیا

ISLAMABAD: برازیل میں ایک اسکول کے سیکیورٹی گارڈ نے نرسری کے بچوں کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں 4 کمسن بچوں سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برازیل کی ریاست میناس گیرائس کے انوسینٹ چلڈرنز پیپل میونسپل ایجوکیشن سینٹر میں مامور ایک سیکیورٹی گارڈ نے آتش گیر مادہ لے کر بچوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 10 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 4 بچے بھی شامل ہیں جن کی عمریں 2 سے 4 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں جبکہ مرنے والوں میں ایک ٹیچر بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈ نے اسکول کے نرسری سیکشن میں موجود بچوں پر پٹرول چھڑکا اور پھر انہیں آگ لگا دی۔ حملہ آور نے بچوں کے ساتھ خود کو بھی آگ لگائی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ حملہ آور نے نرسری سیکشن میں آنے سے قبل ایک ٹیچر کو کمرے میں بند کرکے اسے بھی آگ لگائی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق اس واقعے میں 40 کے قریب افراد بری طرح جھلسے ہیں جن میں متعدد بچے شامل ہیں۔ زخمیوں میں 15 افراد کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے جب کہ حملہ آور کو بھی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ چل بسا۔

اسکول پر حملے کا سن کر والدین اپنے بچوں کو لینے کے لیے باہر جمع ہوگئے جہاں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ سیکیورٹی گارڈ کے اس حملے کے پیچھے کیا مقاصد تھے اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔