اربوں روپے کی بھاری مشینری باہر لیجانے کی کوشش ناکام

ایف آئی اے کابروقت چھاپہ، کسٹم کلیئرنس کے بعد چارٹرڈ طیارہ ایئرپورٹ پہنچ چکا تھا

کلیئرنگ ایجنٹ آئی ایم ٹی نے کروڑوں کا ٹیکس بچانے کیلیے جعل سازی کی، حکام۔ فوٹو: فائل

ایف آئی اے نے غیرملکی کمپنی کی جانب کروڑوں روپے ٹیکس ادائیگی کے بغیر اربوں روپے مالیت کی بھاری مشینری ملک سے باہر لے جانے کی کوشش ناکام بنادی۔

میسرز بی جی پی انٹرنیشنل کی جانب آئل اینڈ گیس انڈسٹری کیلیے جاری ہونے والے ایک ایس آر او کی آڑ میں ڈیڑھ ارب روپے سے زائد مالیت کی مشینری چارٹرڈ طیارے کے ذریعے چین بھیج رہی تھی، قواعد کے مطابق ٹیکس ادائیگی کے بغیر مشینری بیرون ملک لے جانے کی میعاد ایک سال قبل ختم ہوچکی تھی تاہم کمپنی کے کلیئرنگ ایجنٹ آئی ایم ٹی کی جانب سے ایس آراو میں جعل سازی کرکے کروڑوں روپے کا ٹیکس بچایا جارہا تھا، ایف آئی اے کی ٹیم نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو ٹرمنل پر چھاپہ مارا تو نہ صرف اربوں روپے مالیت کی مشینری کسٹمز حکام کی جانب سے کلیئر کی جاچکی تھی اور مشینری کو چین پہنچانے کیلیے چارٹرڈ مال بردار ہوائی جہاز ایئرپورٹ پہنچ چکا تھا۔


گزشتہ روز اپنے دفترمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اینٹی کرپشن سرکل اشفاق عالم خان نے بتایاکہ2 اکتوبر کی رات ایف آئی اے نے ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے غیرملکی کمپنی میسرز بی جی پی انٹرنیشنل کی جانب سے دستاویزات میں ردوبدل کرکے اربوں روپے مالیت کی مشینری ٹیکس ادائیگی کے بغیر بیرون ملک لے جانے کی کوشش ناکام بنادی، ایف آئی اے کی کارروائی کے وقت کنسائنمنٹ کسٹمز حکام کی جانب سے کلئیر کی جاچکی تھی اور چارٹرڈ کارگو جہاز بھی کنسائنمنٹ لینے پہنچ چکا تھا۔

اشفاق عالم نے بتایاکہ کنسائنمنٹ کیلیے تمام کاغذات کلیئرنگ ایجنٹ آئی ایم ٹی نے تیار کیے تھے، ایف بی آرسے ٹیکس چوری کو ثابت کرنے کیلیے مطلوبہ دستاویزات کی تصدیق شدہ نقول ملتے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی جائے گی۔
Load Next Story