کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے ارکان اسمبلی پر خودکش حملے کے خدشے کے پیش نظر وزارت داخلہ نے صوبائی حکومتوں کو مراسلے کے زریعے سیکیورٹی الرٹ جاری کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انٹیلیجنس اداروں کی جانب سے ملنے والی رپورٹس کے تحت کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گرد ملک کے مختلف حصوں میں پیپلز پارٹی اور اے این پی کے اراکین پارلیمنٹ کو نشانہ بناسکتے ہیں جس کے لئے خصوصی طور پر خودکش بمباروں کو تیار کیا گیاہے۔
مراسلے میں صوبائی حکومتوں اور انٹیلیجنس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ مراسلے کی روشنی میں حکومت سندھ نے گورنر ہاؤس، وزیراعلیٰ ہاؤس اور سندھ سیکریٹریٹ سمیت اراکین اسمبلی کی رہائش گاہوں پر سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کرنا شروع کردیئے ہیں۔