ایشیا کپ کیلیے قومی ہاکی ٹیم کل بنگلادیش کیلیے اڑان بھرے گی

ایونٹ 11 سے 22 اکتوبر تک شیڈول، 8بہترین سائیڈز ٹائٹل کیلیے کوشاں

ایونٹ 11 سے 22 اکتوبر تک شیڈول، 8بہترین سائیڈز ٹائٹل کیلیے کوشاں۔ فوٹو : فائل

KARACHI:
ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا عزم لیے قومی ٹیم محمد عرفان کی قیادت میں اتوار کو بنگلادیش روانہ ہوگی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق 18رکنی قومی ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کیلیے اتوار کو بنگلادیش روانہ ہوگی جبکہ 5 آفیشلز بھی ٹیم کے ہمراہ ہوں گے، 8 ٹیموں کو 2 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور جاپان، گروپ بی میں ملائیشیا، جنوبی کوریا، چین اور اومان شامل ہیں۔


پاکستانی ٹیم 11 اکتوبر کو بنگلادیش کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس اپنا دوسرا میچ 13 اکتوبر کو جاپان جبکہ تیسرا اور آخری میچ 15 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

واضح رہے کہ 2 ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 22 اکتوبر کو کھیلا جائیگا، محمد عرفان ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ رضوان سینئر نائب کپتان ہوں گے، دیگر کھلاڑیوں میں مظہر عباس، امجد علی، عاطف مشتاق، مبشر علی، عماد شکیل بٹ، ابوبکر محمود، تصور عباس، راشد محمود، رضوان جونیئر، ارسلان قادر،اظفر یعقوب، عمر بھٹہ، علی شان، محمد عتیق، وقاص اکبر اور اعجاز احمد شامل ہیں، فرحت خان منیجر و ہیڈ کوچ، ملک شفقت اور محمد سرور کوچز، ڈاکٹر عاطف بشیر ٹیم کے ڈاکٹر اور ابوذربطور ویڈیو اینالسٹ ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔
Load Next Story