میثاق جمہوریت کے تحت سیاست کو آگے لے جانا ہوگا وزیراعظم

عدالتی فیصلے کے بعد کہا گیا کہ مسلم لیگ(ن) ٹوٹ جائے گی، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی


ویب ڈیسک October 07, 2017
حکومت نے سپریم کورٹ کا فیصلہ من و عن تسلیم کیا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت کے تحت سیاست کو آگے لے جانا ہوگا جب کہ حکومت نے سپریم کورٹ کا فیصلہ من و عن تسلیم کیا۔



نوشہرو فیروز کے علاقے نیوجتوئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ہوگی تو انصاف ہوگا، میثاق جمہوریت میں انتقامی سیاست کو ختم کردیا گیا، ہمیں میثاق جمہوریت کےمطابق سیاست کو آگے لے کر جانا ہے، طے ہوا تھا کہ عوامی نمائندے کو اس کا حق دیا جائے گا اور مینڈیٹ کو قبول کیا جائے گا لیکن آج کل بدقسمتی سے سیاست میں ایسا نہیں ہورہا، امید کرتا ہوں کہ پیپلز پارٹی اس پر غور کرے گی اور میثاق جمہوریت پر عمل کیا جائے گا۔



وزیراعظم نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد کہا گیا کہ مسلم لیگ(ن) ٹوٹ جائے گی اور اس کے کارکن ادھر ادھر چلے جائیں گے لیکن حکومت نے 28 جولائی کا عدالتی فیصلہ تسلیم کیا، ملک کو چیلنجز درپیش ہیں جن کا مقابلہ کرنا ہے، پوری دنیا افغانستان میں جس دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کرسکی پاکستان نے اس دہشت گردی کو شکست دی، (ن) لیگ نے صرف باتیں نہیں کیں بلکہ کام کرکے دکھایا جب کہ عوام 8 ماہ بعد الیکشن میں درست فیصلہ کریں۔



شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے بجلی کے منصوبے لگائے، سی پیک شروع کیا جس سے پاکستان مضبوط اور ترقی یافتہ بنے گا، آج اور 4 سال پہلے کے کراچی میں زمین آسمان کا فرق ہے جس کے لیے حکومت و سیکورٹی فورسز نے مل جل کر کام کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے