مقبوضہ کشمیر میں عدنان سمیع کا کنسرٹ ناکام

کنسرٹ میں چند افراد نے ہی شرکت کی اور ان کا تعلق بھی بیوروکریٹس اور سرمایہ دار طبقے سے تھا۔


ویب ڈیسک October 08, 2017
کنسرٹ میں3000 لوگوں کی نشستیں ہونے کے باوجود کرسیاں خالی پڑی رہیں؛فوٹوفائل

بھارتی گلوکار عدنان سمیع خان اپنی شہریت اور الٹے سیدھے بیانات کی وجہ سےاکثر خبروں میں رہتے ہیں اور اب مقبوضہ کشمیر میں ناکام کنسرٹ اور مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیرا علیٰ عمرعبداللہ سے ٹوئٹر پر ہونے والی تلخ کلامی کے باعث ایک بار پھر میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

پاکستانی شہریت چھوڑ کر بھارتی شہریت حاصل کرنے والے گلوکارعدنان سمیع خان کا گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں ہونے والا کنسرٹ اس وقت بری طرح ناکام ہوگیا جب کنسرٹ میں بیشترکرسیاں خالی پڑی رہیں اور لوگوں نے کنسرٹ کا رخ کرنے کے بجائے اپنے گھر پر رہنے کو ترجیح دی۔

یہ بھی پڑھیں: عدنان سمیع بیٹی کی شہریت کے سوال پر بوکھلا گئے



عدنان سمیع خان کے کنسرٹ کا انتظام مقبوضہ کشمیرمیں سیاحتی مرکزکے ادارے کی جانب سےشیرکشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں کیا گیاتھا، جب کہ کنسرٹ میں شرکت کرنے کی اجازت صرف ان لوگوں کو تھی جنہیں دعوت نامے بھیجے گئے باقی کسی کو بھی کنسرٹ میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں تھی، کنسرٹ میں شرکت کرنے والے زیادہ ترافراد کا تعلق سرکاری ملازمین، بیوروکریٹس اور سرمایہ دار طبقے سے تھا۔



کنسرٹ میں 3000 لوگوں کی آمد متوقع تھی، لیکن حیرت انگیز طور پر زیادہ تر کرسیاں خالی پڑی رہیں، یہ شو براہ راست پیش کیا جانا تھا اور کنسرٹ شروع ہونے کا وقت شام 5 بجے تھا لیکن خالی کرسیوں کے باعث یہ شو مقررہ وقت سے کافی تاخیر سے شروع ہوا۔کنسرٹ میں صرف مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سرمایہ داروں، بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) اور عوامی جمہوریہ پارٹی( پی ڈی پی)سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہی شرکت کی اور یہ تعداد بھی بے حد کم تھی۔

https://twitter.com/Soporewala/status/916693017444024321

مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے کنسرٹ کی خالی کرسیوں پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا،افسوس ہے عدنان سمیع کے کنسرٹ میں کرسیاں خالی پڑی ہیں امید ہے میری ٹوئٹ پبلش ہونے تک نشستیں بھرجائیں گی اور کم از کم ایک شام کے لیے ہی کشمیری اپنے اوپر ہونے والے مظالم کو بھول جائیں۔



ان کے ٹوئٹ کے جواب میں عدنان سمیع خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ عبداللہ آپ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ ہیں، آپ کو میوزک کنسرٹ کی وجہ سے اتنا زیادہ دلبرداشتہ نہیں ہونا چاہئے،آپ کے ذرائع نے آپ سے جھوٹ بولا ہے کہ کنسرٹ میں خالی نشستیں موجود ہیں، بھری ہوئی نشستوں کی تصاویر یہاں موجود ہیں۔

عمرعبداللہ نے کہا کیا آپ خود کو بہت بڑا اسٹار سمجھتے ہیں، کیا آپ یہ چاہتے ہیں کہ اخباروں میں عمر اور عدنان کی لڑائی کی خبر لگے، مگر میں ایسا نہیں چاہتا، آپ سری نگر کا مزہ لیجئے، شب بخیر۔



واضح رہے کہ کنسرٹ میں شرکت کرنے والے سرکاری ملازمین کا کہنا ہے کہ انہیں اس کنسرٹ میں شرکت کرنے کی ہدایت کی گئی تھی اور اگر وہ اس کنسرٹ میں شرکت نہ کرتے تو ان کی نوکری کے لیے مسئلہ کھڑا ہوجاتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں