اب ایئرپورٹ میں چیک اِن کا عمل صرف 15 سیکنڈز میں مکمل ہو گا

دبئی ایئرپورٹ پر جلد ’’اسمارٹ ٹنل‘‘ ٹیکنالوجی متعارف کرادی جائے گی


ویب ڈیسک October 08, 2017
دبئی ایئرپورٹ پر جلد ’’اسمارٹ ٹنل‘‘ ٹیکنالوجی متعارف کرادی جائے گی۔ فوٹو : گلف نیوز

اب ایئرپورٹس میں داخل ہونے کے بعد طیارے میں سوار ہونے کے لیے قطار میں لگ کر انتظار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور چیک اِن کا عمل محض 15 سیکنڈز میں مکمل ہو سکے گا۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے میں جلد ایسی جدید ٹیکنالوجی متعارف کرا دی جائے گی جس کی بدولت چیک اِن کا عمل محض 15 سیکنڈز میں مکمل کر لیا جائے گا اور اس سے ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد و رفت کے عمل کو تیز تر کیا جا سکے گا۔

ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں گائیٹیکس 37 ٹیکنالوجی شو کے پہلے روز دبئی کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنس اینڈ فارنرز افیئرز (جی ڈی آر ایف اے) کے حکام نے شرکاء کو ''اسمارٹ ٹنل'' ٹیکنالوجی کے بارے میں بتایا۔ ادارے کے اسسٹنٹ جنرل میجر خالد الفیلاصی نے کہا کہ یہ اسمارٹ سرنگیں دبئی میں پاسپورٹ کنٹرول کا مستقبل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایسی ٹیکنالوجی دنیا میں کہیں بھی موجود نہیں، پہلی بار دبئی میں اسمارٹ سرنگ کا تجربہ کیا جا رہا ہے جس میں بائیومیٹرک سسٹم اور چہرے کو شناخت کرنے کی ٹیکنالوجی نصب ہے اور مسافر کو صرف اس سرنگ سے گزرنا ہوتا ہے باقی کام سسٹم خود کر لیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسافر کو پاسپورٹ دکھانے کی بھی ضرورت نہیں رہتی کیوں کہ اس ٹنل میں نصب ٹیکنالوجی چہرے کو شناخت کرکے سارا بائیو ڈیٹا نکال لیتی ہے۔ لہٰذا چیک ان کا عمل مکمل ہونے میں اتنا ہی وقت لگتا ہے جتنا ایک شخص اس ٹنل سے گزرنے میں لگاتا ہے یعنی تقریباً 15 سیکنڈز۔

اس ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے (جی ڈی آر ایف اے) ایمریٹس ایئرلائن سے رابطے میں ہے۔ ان اسمارٹ سرنگوں میں آنکھ کی پتلی کو شناخت کرنے کی ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جا رہی ہے، پہلے مسافر کو سرنگ کے سامنے کھڑا ہونا ہوتا ہے جس کے بعد چہرے کی شناخت کے لیے وہ اس کے اندر داخل ہو جاتا ہے، چند سیکنڈ میں وہ اس ٹنل کو عبور کر لیتا ہے اور اسی دوران اس کے کوائف کی تصدیق ازخود مکمل ہو جاتی ہے، پاسپورٹ پر اسٹیمپ یا کسی اور کام کے لیے انسانی مداخلت کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔



سفید رنگ کے اس سرنگ میں سبز رنگ کی روشنی سے مزین ڈیجیٹل فرش بھی ہے اور جیسے ہی ایک مسافر اس سرنگ سے گزرتا ہے تو فرش کا رنگ سرخ ہوجاتا ہے جو اس بات کا اشارہ ہے کہ چیک ان کا عمل مکمل ہو گیا۔ میجر خالد کا کہنا ہے کہ یہ پروجیکٹ ابتدائی مراحل میں ہے، ہم ایئرپورٹ میں اس سرنگ کو آزمائشی طور پر نصب کر کے دیکھیں گے کہ اس میں مزید کیا بہتری لائی جا سکتی ہے۔

اس پروجیکٹ میں ٹیسلا کی برقی کاروں کو بھی شامل کیا جائے گا جو مسافروں کو ایئرپورٹ تک لے جانے کی سہولت فراہم کریں گی اور سفر کے دوران مسافر اپنی تمام تفصیلات اسمارٹ فون کے ذریعے ایئرپورٹ حکام کو فراہم کردے گا۔ اس کار کے ذریعے مسافر کی تفصیلات، اس کے سامان کا وزن وغیرہ اکھٹا کر لیا جائے گا اور گاڑی میں ہی اسے بورڈنگ پاس دے دیا جائے گا۔

جب مسافر ایئرپورٹ پہنچے گا تو اس کا سامان خود کار طریقے سے اسمارٹ سسٹم سے گزر جائے گا اور مسافر کو محض اسمارٹ سرنگ سے گزرنا ہو گا جس کے بعد وہ سیدھا طیارے میں سوار ہوجائے گا اور اس کا بہت سا قیمتی وقت بچ جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں