ربادا کی خوفناک بولنگ تاریخ پر نقوش چھوڑنے لگی

ٹیسٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے والے دنیا کے پانچویں کم عمر ترین بولر کا اعزاز


Sports Desk October 09, 2017
ربادا کی اس خطرناک بولنگ کی وجہ سے جنوبی افریقہ نے ایک اننگز اور 254 رنز سے کامیابی سمیٹی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: کاگیسو ربادا کی خوفناک بولنگ تاریخ پر بھی گہرے نقوش چھوڑنے لگی، ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے والے دنیا کے پانچویں کم عمرترین بولر بن گئے۔

بنگلادیش کے خلاف بلوم فونٹین کی گرین وکٹ کا کاگیسو ربادا نے بھرپور استعمال کرتے ہوئے ایک ہی میچ میں 10 وکٹوں پر ہاتھ صاف کیا، انھوں نے دونوں ہی باریوں میں 5، 5 وکٹیں لیں، اس طرح انھوں نے اب تک کے اپنے 22 ٹیسٹ میچز کے کیریئر میں 10 مرتبہ ایک اننگز میں 5 اس سے زائد کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔

دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں محمود اللہ کے ڈین ایلجر کا خوبصورت کیچ بننے کے ساتھ ہی ربادا کی ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری بھی مکمل ہوگئی، وہ اس سنگ میل پر پہنچنے والے دنیا کے پانچویں کم عمر ترین بولر ہے جبکہ ان کی رواں کیلنڈر ایئر میں 50 ٹیسٹ وکٹیں بھی مکمل ہوگئی ہیں۔

ربادا کی اس خطرناک بولنگ کی وجہ سے جنوبی افریقہ نے ایک اننگز اور 254 رنز سے کامیابی سمیٹی جوکہ اس کی تاریخ کی سب سے بڑی ٹیسٹ فتح ہے، اس سے قبل جنوبی افریقہ کا سب سے بڑی فتح کا مارجن ایک اننگز اور 229 تھا جوکہ اس نے 2001 میں سری لنکا کے خلاف حاصل کیا تھا۔اس میچ میں جنوبی افریقی بیٹسمینوں نے 4.77 کی اوسط سے رنز اسکور کیے جوکہ ٹیسٹ تاریخ میں دسواں اورجنوبی افریقہ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں دوسرا بڑا اسکورنگ ریٹ ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں