وزیراعظم یوتھ اسکل پروگرام کے چوتھے مرحلے کا اعلان

مختلف فنی مہارت کے تعلیمی اداروں کی مددسے 25ہزار نوجوانوں کو فنی تعلیم دی جائے گی

پروگرام کا انعقاد نیوٹیک کے تحت ہوگا جس کے لیے درخواستیں مانگ لی گئی ہیں۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم کے یوتھ اسکل پروگرام کے تحت چوتھے مرحلے کا اعلان کردیا گیا جس کے تحت ملک بھر کے مختلف فنی مہارت کے تعلیمی اداروں کی مدد سے 25ہزار نوجوانوں کو فنی تعلیم دی جائے گی جبکہ اس دوران فی طالب علم 3 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے سال2014-15 کے لیے پہلے مرحلے میں 80کروڑروپے، سال 2015-16 کے لیے 1ارب 17کروڑ 80لاکھ روپے جبکہ تیسرے مرحلے کے لیے2016-17کے لیے 2ارب63کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 24ہزار934طلبا پاس آؤٹ ہوئے، دوسرے مرحلے میں 20ہزار392جبکہ تیسرے مرحلے میں 23ہزار880امیدوار تربیت مکمل کرچکے ہیں۔


اسی طرح چوتھے مرحلے میں مزید 25ہزار امیدواروں کو تربیت دی جائے گی۔تربیت کے لیے عمر کی حد 18 سے 40 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ ہر ماہ دوران تربیتی 6 ماہ تک ماہانا 3 ہزار روپے اعزازیہ بھی دیا جاتاہے۔

ذرائع کے مطابق مزید 25ہزار نوجوانوں کو تربیت دینے کے لیے باقاعدہ اعلان کردیا گیاہے۔ یہ تربیت ملک بھرکے مختلف علاقوں میں قائم 333فنی مہارت کے تربیتی اداروں میں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پروگرام کا انعقاد نیوٹیک کے تحت ہوگا جس کے لیے درخواستیں مانگ لی گئی ہیں، اس سے قبل تین مراحل کے دوران مجموعی طورپر 75ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔
Load Next Story