نواز شریف کی نیب عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

نواز شریف 13 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہوں ، عدالت کا حکم

نواز شریف کی جانب سے احتساب عدالت میں 15 دن تک حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ فوٹو : فائل

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ایک دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نواز شریف کی جانب سے احتساب عدالت میں 15 دن تک حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ یہ استثنیٰ کیا آج کے دن کے لیے مانگا گیاہے جس پر خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ جی، یہ آج کے دن کے لیے ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ استثنیٰ کی ایک درخواست پہلے بھی پڑی ہوئی ہے جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ نواز شریف کی اہلیہ بیمار ہیں اور سیکورٹی کے مسائل بھی ہیں۔


نیب پراسیکیوٹر نے سماعت کے دوران کہا کہ جب تک ٹرائل شروع نہیں ہوجاتا استثنیٰ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، 2 ریفرنسوں میں ایک بھی ملزم عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایک دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزم 13 اکتوبر کو پیش ہوں۔ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

 
Load Next Story