نیب ریفرنسز عدم پیشی پر نواز شریف کے دونوں بیٹے اشتہاری قرار

احتساب عدالت کا تینوں نیب ریفرنسز میں حسن اور حسین نواز کا مقدمہ الگ کرنےکا حکم


ویب ڈیسک October 09, 2017
آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی فوٹو: فائل

احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں مسلسل عدم پیشی پر نواز شریف کے دونوں بیٹوں حسین اور حسن نواز کو اشتہاری قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز احتساب عدالت میں پیش ہوئیں جب کہ کیپٹن (ر) صفدر کو نیب کی ٹیم نے پیش کیا۔ نواز شریف کی جانب سے ان کے وکیل نے پیشی سے استثنیٰ کی درخواست کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ دیگر دو ملزمان (حسین اور حسن نواز ) کہاں ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : مریم اور صفدر ضمانت پر رہا

نیب نے عدالت کے گزشتہ حکم کی تعمیلی رپورٹ جمع کراتے ہوئے استدعا کی کہ ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جائے اور ان کا مقدمہ الگ کردیا جائے۔ عدالت نے نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور جب کہ حسین اور حسن نواز کے دائمی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت نے نیب کو تینوں ریفرنسز میں حسین اور حسن نواز کا مقدمہ الگ کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت 13 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں