ایران نے آرگو کے جواب میں نئی فلم بنانے کا اعلان کردیا
ایرانی وزیر ثقافت محمد حسینی نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلم کی کہانی جھوٹ کا پلندہ ہے۔
آسکر جیتنے والی ایران مخالف فلم آرگو کے جواب میں ایران نے دا جرنل اسٹاف فلم بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔
آرگو کے آسکر ایوارڈ جیتنے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایران نے کہا کہ اس فلم کو ایران مخالف پروپیگینڈا کرنے کے لیے آسکر ایوارڈ دیا گیا ہے۔ ایران مخالف فلم آرگو کو آسکر ایوراڈ ملنے کے بعد ایرانی حکومت اور عوام نے شدید غم وغصہ کا اظہار بھی کیا، فلم میں ایرانی تہذیب اور ثقافت کا بھی مزاق اڑانے پر ایرانی حکومت کی جانب سے شدید ردعمل کا کا اظہار کیا گیا ہے۔
ہدایتکار بین ایفلک کی فلم آرگو 1979 میں سی آئی اے کی جانب سے ایران میں کئے جانے والے ایک آپریشن کی کہانی ہے جس کا مقصد ایران میں پھنسے 6 امریکیوں کو وہاں سے نکالنا تھا۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ آسکر ایوارڈز کو بھی اب امریکی حکومت نے اپنے سیاسی مقاصد کی تشہیر کے لئے استعمال کرنا شروع کردیا ہے، ایرانی وزیر ثقافت محمد حسینی نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلم کی کہانی جھوٹ کا پلندہ ہےاس میں حقائق کو چھپانے کے ساتھ ساتھ تاریخ کو بھی مسخ کیا گیا ہے۔
ایران کے معروف فلم ہدایتکارعطااللہ پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ اس فلم کے جواب میں ایرانی فلم "دا جرنل اسٹاف" بنائی جائے گی جس میں اصل حقائق دنیا کے سامنے لائے جائیں گے۔ اس فلم میں دکھایا جائے گا کہ کس طرح انقلاب ایران کے دوران 20 امریکیوں کو باحفاظت امریکا کے حوالے کیا گیا تھا۔