ہفتے میں سافٹ ڈرنک کا ایک گلاس کم کرکے بھی وزن میں کمی ممکن ہے

ماہرین کا خیال ہے کہ اگر آپ سافٹ ڈرنک کا صرف ایک گلاس بھی کم پیتے ہیں تو وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔


ویب ڈیسک October 11, 2017
اگر آپ ہفتے میں ایک سافٹ ڈرنک کا ایک گلاس بھی کم کردیں تو اس سے وزن کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ فوٹو: فائل

سافٹ ڈرنک یا سوڈا اور موٹاپے کے درمیان تعلق پر ہم بہت سی خبریں پہلے ہی دے چکے ہیں لیکن اب ماہرین کہہ رہے ہیں کہ اگر آپ سافٹ ڈرنک کے رسیا ہیں تو ہفتے میں ایک گلاس سافٹ ڈرنک میں کمی سے بھی وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

غذائی ماہرین کا مشورہ ہے کہ اگر آپ اپنا وزن کم کرنے میں سنجیدہ ہیں تو سب سے پہلے سافٹ ڈرنک پر مکمل پابندی یا اس میں کمی سے شروعات کیجئے کیونکہ سافٹ ڈرنک اور موٹاپے کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔

شکر سے بھرپور مشروبات موٹی کمر کی اہم وجہ ہیں۔ اب ہارورڈ ٹی ایچ چین اسکول آف پبلک ہیلتھ اینڈ میڈیسن اور میکیسکو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ نے ایک سروے میں 11 ہزار سے زائد میکسیکن خواتین سے سوالات کئے ہیں جن میں شکر والی اور بغیر شکر کی سافٹ ڈرنکس کے متعلق پوچھا گیا۔ پہلا سروے 2006 اور دوسرا سروے 2008 میں کیا گیا ۔ اس دوران ان کا وزن اور کمر کی موٹائی بھی نوٹ کی گئی ۔

طرزِ زندگی اور کھانے پینے کے معمولات نوٹ کرنے کے بعد ماہرین نے دیکھا کہ جن خواتین نے ہفتے میں ایک گلاس سافٹ ڈرنک کی کمی کی ان کے وزن میں 0.88 پونڈ کمی ہوئی جبکہ اگر کسی خاتون نے فی ہفتہ ایک کین سافٹ ڈرنک زیادہ پی تو اس کے اوسط وزن میں 0.66 پونڈ کا اضافہ دیکھا گیا۔

ماہرین نے اپنے تحقیقی مقالے میں لکھا ہے کہ اگر فاسٹ فوڈ کے ساتھ سافٹ ڈرنک لازمی پی جائے تو اس سے دل اور بلڈ پریشر کے امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین نے اعتراف کیا کہ اس سروے میں چند ہزار خواتین شامل تھیں اور صرف دو سال تک انہیں نوٹ کیا گیا تھا لیکن ہم کہہ سکتے ہیں کہ چینی سے بھرپور سافٹ ڈرنک انسانی وزن بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سروے میں شریک وہ خواتین مزید وزنی ہوگئیں جو پہلے سے ہی موٹاپے کی جانب مائل تھیں۔ واضح رہے کہ یہ خواتین پہلے سے ہی سافٹ ڈرنک باقاعدگی سے پیتی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں