مینارڈ کا موت سے قبل نشے میں دھت ہونے کا انکشاف

نوجوان بیٹسمین کوکین استعمال کرنے کے عادی تھے، مرنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔


Sports Desk February 27, 2013
نوجوان بیٹسمین کوکین استعمال کرنے کے عادی تھے، مرنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ فوٹو فائل

کاؤنٹی کرکٹر ٹام مینارڈ کا موت سے قبل نشے میں دھت ہونے کا انکشاف ہوا ہے، وہ کوکین استعمال کرتے تھے۔

ان کے جسم میں الکحل کی بھی بہت زیادہ مقدار پائی گئی، یہ بات پیتھالوجسٹ نے عدالتی سماعت کے موقع پر بتائی۔ سابق انگلش اسٹار بیٹسمین میتھیو مینارڈ کے بیٹے ٹام کی موت گذشتہ برس 18 جون کو ومبلڈن پارک ٹیوب اسٹیشن کے قریب پراسرار انداز میں ہوئی۔ وقوعے کی رات وہ اپنی کاؤنٹی سرے کے ساتھیوں جیڈ ڈیرن بیچ اور روری ہیملٹن براؤن کے ہمراہ تھے، ان سے الگ ہونے کے بعد انھوں نے صبح 4 بجے اپنی گرل فرینڈ کے گھر کا رخ کیا راستے میں پولیس کے روکنے پر وہ اپنی گاڑی بھگالے گئے ،پولیس کو کافی دیر کے بعد ان کی لاش پٹری پر سے ملی تھی۔

پیتھالوجسٹ ڈاکٹر سائمن پول نے بتایا کہ ٹام مینارڈ کے جسم میں ڈرائیونگ کیلیے مقررہ حد سے تین گنا زیادہ شراب پائی گئی تھی۔ ان کے بالوں کے ٹیسٹ سے یہ بھی انکشاف ہوا کہ وہ کوکین اور دیگر غیرقانونی منشیات کا بھی نشہ کرتے تھے، ڈاکٹر سائمن ٹام مینارڈ کی موت کا سبب بتانے سے قاصر رہے، وہ یقینی طور پر نہیں کہہ سکے کہ ان کی موت کرنٹ لگنے سے ہوئی یا پھر ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوئے۔



ٹرین کے ڈرائیور مارٹن ہوپنگ نے بتایا کہ انھوں نے ٹریک پر دور سے ایک جسم کو لیٹے ہوئے دیکھا مگر وہ بروقت گاڑی روک نہیں پائے۔ انگلش بولر ڈیرن بیچ اور ہیملٹن نے بھی گواہی دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات سے لاعلم تھے کہ مینارڈ نشہ کرتا ہے۔

ان کی گرل فرینڈ کارلی بیکرنے بھی کہا کہ وہ مینارڈ کے منشیات استعمال کرنے سے لاعلم تھیں۔ دوسری جانب ٹام کی فیملی نے پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کے توسط سے جاری بیان میں کہا کہ تفتیش میں لوگوں نے صرف شواہد کی بنیاد پر ٹام کی شخصیت کے بارے میں اندازہ لگایا وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ ٹام کتنے ہر دل عزیز تھے۔ واضح رہے کہ ٹام مینارڈ کے انگلینڈ کے لیے روشن مستقبل کی پیشگوئی کی جارہی تھی مگر وہ انٹرنیشنل ڈیبیو سے قبل ہی پراسرار حالات میں دنیا سے رخصت ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں