بنگال ٹائیگرز جاگتی آنکھوں سے بڑے سپنے دیکھنے لگے

مشفیق الرحیم نے سری لنکا میں نئی تاریخ رقم کرنے کو اپنا ہدف قرار دے دیا۔


Sports Desk February 27, 2013
مشفیق الرحیم نے سری لنکا میں نئی تاریخ رقم کرنے کو اپنا ہدف قرار دے دیا۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

بنگال ٹائیگرز نے جاگتی آنکھوں سے بڑے سپنے دیکھنا شروع کردیے، کپتان مشفیق الرحیم نے سری لنکا میں نئی تاریخ رقم کرنے کو اپنا ہدف قرار دے دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ مہیلاجے وردنے اور کمارسنگاکارا کی عدم موجودگی میں ہم آئی لینڈرز کو اپ سیٹ کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی پرفارمنس کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں ابھی تک وہ کسی بڑی ٹیم کو زیر نہیں کرپایا ہے مگر اب بنگال ٹائیگرز نے اپنے آنکھوں میں بڑے سپنے سجالیے ہیں۔ کپتان مشفیق الرحیم کہتے ہیں کہ ان کی ٹیم کے پاس آئندہ ماہ فل سیریز کے دوران سری لنکا میں نئی تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع موجود ہے۔ آئی لینڈرز ہمیشہ اپنی سرزمین پر انتہائی خطرناک ثابت ہوتے ہیں جبکہ بنگال ٹائیگرز کا سری لنکا میں ریکارڈ انتہائی مایوس کن ہے۔



مشفیق الرحیم کے حوصلے گذشتہ برس کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں بہتر کارکردگی کی وجہ سے بلند ہیں، جس میں ٹیسٹ میں ناکامی کے باوجود بنگال ٹائیگرز نے کیریبیئن سائیڈ کو ایک روزہ میچز میں 3-2 سے پچھاڑا تھا۔ سری لنکا کو ہوم سیریز میں انجری کے سبب مہیلا جے وردنے کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا جبکہ کمارسنگاکارا کی شرکت بھی غیریقینی ہے۔

اس ٹور میں بنگلہ دیش دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 میچ کھیلے گا۔ مشفیق الرحیم کا کہنا ہے کہ سنگاکارا اور جے وردنے دونوں اہم کھلاڑی اور دس دس ہزار سے زائد رنز بناچکے ہیں، ان کی عدم موجودگی میں سری لنکا کی ٹیم میں دم خم نہیں ہوگا اور ویسے بھی سب جانتے ہیں کہ ان کا بولنگ اٹیک اس وقت غیرمعمولی نہیں ہے، مرلی دھرن اور چمندا واس کی ریٹائرمنٹ کے بعد سری لنکا صرف چند ٹیسٹ میچز ہی جیت سکا ہے، اس لیے ہمارے پاس سنہری موقع ہے کہ ہم وہاں پر اچھی کرکٹ کھیل کر نئی تاریخ رقم کرسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں