قائد اعظم ٹرافی فائنل اکبر کی شاندار سنچری کراچی بلوز کی پوزیشن مستحکم

بیٹسمین 176 رنز پر ناقابل شکست، ٹیم نے 7 وکٹ پر 401 رنز بنالیے۔

بہاولپور کیخلاف فیصل آباد کا بھی عمدہ کھیل، شاہد اور وقاص کی نصف سنچریاں۔ فوٹو : فائل

قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں کراچی بلوز نے پہلی اننگز میں 7 وکٹ پر 401رنز بنا کر 172 کی برتری کیساتھ پوزیشن مستحکم کرلی۔

اکبر الرحمان 176 پر ناقابل شکست ہیں دوسرا اینڈ اعظم حسین نے 54 رنز کے ساتھ سنبھالا ہوا ہے، باٹم سکس کے فیصلہ کن میچ میں فیصل آباد نے بہاولپور کیخلاف عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوزیشن بہتر بنالی، دوسری اننگز میں 4 وکٹ پر 203 رنز بنالیے، محمد شاہد اور علی وقاص نے نصف سنچریاں بنائیں، خرم شہزاد 42 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں جاری قائداعظم ٹرافی کے پانچ روزہ فائنل میچ میں سیالکو ٹ کی پہلی اننگز 229 کے جواب میں کراچی بلوز نے تیسرے روز کھیل کا آغاز 2وکٹ 189رنز سے کیا۔

خرم منظور گذشتہ روز کے اپنے اسکور 23 میں صرف 6 کا اضافہ کرتے ہوئے فیصل رشید کی گیند پر وکٹ کیپر انصر شکیل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، مجموعی اسکور 106 تھا، محمد وقاص نے اکبر الرحمان کیساتھ 54 رنز کی شراکت میں 13 رنز کا حصہ ڈالا، نئیر عباس کا شکار ہونیوالے بیٹسمین کا کیچ بلاول بھٹی نے تھاما، جاوید منصور 22 رنز بنا کر 234 کے ٹوٹل پر بلاول بھٹی کی وکٹ ثابت ہوئے، گیند ماجد جہانگیر کے ہاتھوں میں محفوظ ہوئی،انور علی کو 16کے انفرادی اسکور پر علی خان نے آؤٹ کیا۔




کیچ نئیر عباس نے تھاما، مجموعی اسکور 272تھا، طارق ہارون کی اننگز 17 تک محدود رہی، بولر ماجد جہانگیر تھے، کیچ کا موقع ایک بار پھر نئیرعباس کو ملا، ایک اینڈ سے وکٹیں گرنے کے باوجود سنچری میکر اکبر الرحمان کی جارحانہ بیٹنگ جاری رہی، انھوں نے 24 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنا انفرادی اسکور 176 جبکہ ٹیم کا مجموعہ 401 تک پہنچایا، ان کیساتھ موجود اعظم حسین 53 رنز کے ساتھ آٹھویں وکٹ کیلیے 103 کی ناقابل شکست کے ساجھے دار بنے ہوئے ہیں،کراچی بلوز نے 172رنز کی برتری حاصل کرلی ہے جبکہ 3 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔سیالکوٹ کی طرف سے بلاول بھٹی، علی خان نے 2،2، فیصل رشید، نئیرعباس اور ماجد جہانگیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری باٹم سکس کے فیصلہ کن میچ میں فیصل آباد نے بہاولپور کیخلاف عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوزیشن بہتر بنالی، پہلی باری میں 273 بنانے کے بعد 6رنز کے خسارے کیساتھ دوسری اننگز کا آغاز کرنیوالی ٹیم نے 4 وکٹ پر 203 رنز بنالیے ہیں، گزشتہ روز کے ا سکور 12رنز میں صرف ایک رن کے اضافے پر اوپنر معظم حیا ت (6) کا نقصان اٹھانے والی ٹیم نے سنبھلنے کے بعد آصف علی( 22) کی وکٹ 64 کے مجموعی اسکور پر گنوائی، بعد ازاں محمد شاہد اور علی وقاص نے 55 کے یکساں اسکور کے ساتھ اننگز کا اختتام کرکے ٹیم کا ٹوٹل 177 تک پہنچانے میں مدد دی،تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر خرم شہزاد 42 اور ذیشان بٹ 16 رنز کے ساتھ ناقابل شکست پویلین واپس گئے تو مجموعی اسکور 203 تھا، عمران اللہ اسلم 2، انصر جاوید اور کامران حسین ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
Load Next Story