حفیظ شیخ سے سینیٹ کی رکنیت سے بھی استعفیٰ لے لیا گیا
نگراں وزیراعظم کیلیے پیپلزپارٹی کی ترجیح نہیں،پی پی قیادت وزیرخزانہ سے خوش نہیں تھی، سینئر رہنما
حفیظ شیخ نگراں وزیراعظم کیلیے پیپلزپارٹی کی حمایت سے محروم،سینٹ سے بھی استعفیٰ لے لیاگیا۔
عین اس وقت جب حکومت اور اپوزیشن کے مابین نگراں وزیراعظم کیلیے مشاورت کیلیے حتمی دور شروع ہونے کوہے، اس عہدے کیلیے مضبوط امیدواراور سابق وزیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے سینیٹ کی رکنیت سے استعفی لے لیاگیاہے،قابل اعتمادذرائع نے ایکسپریس انوسٹی گیشن سیل کو بتایا کہ منگل کوپیپلز پارٹی کی قیادت نے ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ سے سینیٹ کی رکنیت سے استعفی لے لیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے ایک سنیئر رکن کے مطابق ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو پیپلزپارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ وہ سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہو جائیں۔
پیپلزپارٹی کی ہدایت پر سابق وزیرخزانہ نے سینیٹ کی رکنیت سے اپنا استعفی گزشتہ شام پارٹی کو جمع کرادیا ۔ پیپلزپارٹی کے رہنما کا دعویٰ تھا کہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے پیپلزپارٹی کی قیادت نے وفاقی وزیرخزانہ کی حیثیت سے حکومت کی بعض کیسوں میں ہدایات کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے استعفی لیا تھا اور اب ان سے سینیٹ کی رکنیت سے بھی استعفی لیا گیا ہے۔ سینئر رکن کے مطابق ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نگراں وزیراعظم کے عہدے کیلیے پیپلزپارٹی کی ترجیح نہیں ہیں اور ان کو حکومت اور پیپلزپارٹی کے اس فیصلے سے بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو پیپلزپارٹی کی حکومت نے2010 میں دبئی سے بلا کر وفاقی وزیرخزانہ کے عہدے پر تعینات کیا تھا اور انھوں نے دوسال سے زائد عرصے تک اس عہدے پر خدمات سرانجام دیں تاہم 19 فروری کو انھوں نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا اگرچہ ان کے استعفی پر حکومت اور ان کی اپنی طرف سے کوئی ایک لفظ نہیں کہا گیا لیکن ان کے استعفی کو ملک میں ہونے والے اگلے عام انتخابات سے جوڑا گیا تھا ۔ وزارت خزانہ سے استعفیٰ سے ایک تاثر یہ لیا گیا تھا کہ پیپلزپارٹی ڈاکٹر عبدا لحفیظ شیخ کو نگران وزارت عظمی کیلیے اپنا امیدوار کے طور پر لانی والی ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما کا دعویٰ ہے کہ وزیرخزانہ کی حیثیت سے ڈاکٹر عبدالحفیظ سے پیپلزپارٹی کی قیادت ناخوش تھی انھوں نے بعض اہم معاملات میں حکومت کی ہدایات کو نظر انداز کیا جس سے حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے20 ارب روپے کا فنڈ جاری نہ کرنے کا حوالہ دیتے ہیں۔ ان رہنما کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی جلد نگران وزیراعظم کیلیے اپنے نام جلد اپوزیشن رہنما کے سامنے پیش کرے گی۔