گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد کا استعفیٰ معمہ بن گیا

غیر ملکی دورے میں توسیع کردی،5 مارچ یا اس سے قبل واپس آکرعہدہ سنبھال لیں گے،ذرائع


Staff Reporter February 27, 2013
ایوان صدراستعفیٰ بھیجا نہ عہدے سے مستعفی ہوئے،متحدہ کے ذرائع کا بھی ردعمل سے گریز۔ فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا استعفیٰ معمہ بن گیا ہے اس حوالے سے پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کے علیحدہ علیحدہ موقف سامنے آرہے ہیں جس سے اس معاملے میں کنفیوژن روزبروزبڑھ رہا ہے۔

تاہم دلچسپ امر یہ ہے کہ اس وقت گورنرسندھ کا استعفیٰ کراچی کے شہریوں کا پسندیدہ ترین موضوع ہے چائے خانوں، دفاتراور نجی محفلوں سے لے کر سرکاری اجلاسوں تک ہرجگہ صرف یہی موضوع زیربحث ہے اور اس پر ہرفرد اپنی رائے کا اظہارکررہاہے تاہم حتمی صورتحال کیا ہے اس بارے میں کوئی بات وثوق سے نہیں کہی جاسکتی، اعلیٰ ترین حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرعشرت العباد نے ایوان صدرکواپنا استعفیٰ نہیں بھیجا ہے اور نہ ہی وہ گورنرکے عہدے سے مستعفیٰ ہورہے ہیں،گورنر سندھ آئندہ چندروز میں وطن واپس آکر اپنا عہدہ سنبھال لیں گے۔

واضح رہے کہ ایم کیوایم کی جانب سے حکومت سے علیحدگی کے بعدگورنرسندھ چندروز قبل غیرملکی دورے پردبئی گئے تھے، اطلاعات کے مطابق گورنرکوایم کیوایم کی قیادت نے لندن طلب کیا تھا تاہم وہ دبئی چلے گئے،گورنرسندھ کے قریبی حلقوں کا کہناہے کہ ڈاکٹرعشرت العباد کی طبعیت ناساز ہے اور وہ علاج کی غرض سے دبئی میں رکے ہوئے ہیں اور علاج مکمل ہوتے ہی لندن روانہ ہوں گے، ایم کیوایم کی لیڈرشپ اس بات سے آگاہ ہے کہ وہ دبئی میں زیرعلاج ہیں،گورنر کے قریبی ذرائع یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ سارا کنفیوژن میڈیاکا پیداکردہ ہے اور اس کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں جبکہ اس سلسلے میںمتحدہ کے ذرائع انتہائی محتاط انداز میں تبصرہ کرتے ہیں اورجب بھی استفسار کیا جائے تو ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اس موضوع پرکوئی ردعمل ظاہرکرنے سے گریزکریں۔

11

غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق وہ اپنے عہدے سے جلد مستعفیٰ ہوجائیں گے، ان کے استعفیٰ کے حوالے سے ایم کیو ایم کی قیادت نے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ، ذرائع کاکہنا ہے کہ گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد 22فروری کو4روز کے لیے چھٹی لے کر دبئی گئے تھے، انھیں26فروری کو وطن واپس آنا تھا۔ وہ جب سے دبئی گئے ہیں یہ اطلاعات زیرگردش ہیں کہ وہ مستعفیٰ ہوگئے ہیںتاہم ان اطلاعات کی تصدیق نہیں ہوسکی، حکومتی حلقے ان اطلاعات کی تردیدکررہے ہیں، ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ حکومت اہم حلقوں کے توسط سے ایم کیوایم کی قیادت سے گورنرسندھ کے حوالے سے رابطے میں ہے اورپیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کی قیادت سے کہا ہے کہ ڈاکٹرعشرت العباد خان کو گورنر سندھ کے عہدے پرکام کرنے دیا جائے تاہم ایم کیو ایم کے ذرائع نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد نے اپنے غیرملکی دورے میں مزید چند روزکی توسیع کردی ہے اور حکومت کوبھی آگاہ کردیا ہے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ گورنر سندھ5 مارچ یا اس سے قبل وطن واپس آکراپنا عہدہ سنبھال لیں گے ادھریہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ جب ایم کیوایم نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا یہ بھی کہا تھا کہ گورنر سندھ بھی مستعفیٰ ہوجائیں گے تاہم بعد میں اس بارے میں خاموشی اختیارکی ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں