سندھ اسمبلی اپوزیشن لیڈرکی تقرری 5مارچ تک متوقع

گورنرکے غیرملکی دورے میں توسیع ، نگراں سیٹ اپ پرمشاورت12مارچ تک ہوگی

گورنرکے غیرملکی دورے میں توسیع ، نگراں سیٹ اپ پرمشاورت12مارچ تک ہوگی۔ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سندھ میں متحدہ قومی موومنٹ کے صوبائی وزرا کے استعفے منظورکرنے کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔

آئندہ 2سے3روز میں قائم مقام گورنرسندھ نثاراحمد کھوڑو ایم کیو ایم کے صوبائی وزرا کے استعفے منظورکرلیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے مشاورت گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ہے،استعفے واپس لینے کے حوالے سے بات چیت بھی کی گئی تاہم ایم کیوایم کی جانب سے حکومت میں دوبارہ واپس نہ آنے کے فیصلے پراستعفے منظور کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے اپنے غیر ملکی دورے میں چند روز کی توسیع کردی ہے۔ ان کی عدم موجودگی میں قائم مقام گورنر نثار کھوڑو ایم کیو ایم کے وزرا کے استعفے منظور کرلیں گے۔ ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکی تقرری کے حوالے سے بھی مشاورت مکمل ہوگئی ہے اورتقرری کا نوٹیفکیشن5مارچ تک جاری کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی سید سرداراحمد کواپوزیشن لیڈر مقررکیا جاسکتا ہے۔




ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سندھ میں نگراں حکومت کے قیام کی مشاورت کے لیے وزیراعلیٰ قائم شاہ کوگرین سگنل دے دیا ہے۔ اپوزیشن لیڈرکی تقرری کے بعد وزیراعلیٰ سندھ ایم کیوایم، فنکنشنل لیگ، نیشنل پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اوردیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے باضابطہ طور پر بات چیت کریں گے۔ وزیر اعلیٰ کی معاونت کے لیے چار رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جس میں پیر مظہر الحق، آغا سراج درانی، ایاز سومرو اور شرجیل انعام میمن شامل ہونگے۔ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے پیر مظہر الحق کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے میں نگراں سیٹ اپ کے حوالے سے مختلف جماعتوں سے رابطے فوری طور پر شروع کردیں۔ ذرائع کے مطابق سندھ میں نگراں سیٹ اپ پر بات چیت12مارچ تک مکمل کرلی جائے گی، جس کے بعد سندھ میں متفقہ نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔
Load Next Story