پاک فوج نے 5 غیرملکی مغویوں کو بازیاب کرالیا آئی ایس پی آر

مغویوں میں ایک کینیڈین اس کی امریکی بیوی اور3 بچےشامل ہیں، آئی ایس پی آر

گزشتہ روزمغویوں کو افغانستان سے پاکستان منتقل کیا جارہا تھا، آئی ایس پی آر — فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کرکے 5 مغربی یرغمالیوں کو بازیاب کرالیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے کارروائی کرکے 5 غیرملکی یرغمالیوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے بازیاب کرا لیا ہے، یرغمالیوں میں ایک کینیڈین اس کی بیوی اور3 بچے شامل ہیں۔



آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ غیرملکیوں کو 2012 میں دہشت گردوں نے افغانستان سے اغوا کیا تھا اور انہیں افغانستان میں ہی رکھا گیا تھا، امریکی خفیہ ادارے یرغمالیوں کوتلاش کررہے تھے گزشتہ روزمغویوں کو افغانستان سے پاکستان منتقل کیا جارہا تھا اور امریکی خفیہ اداروں نے ہی 11 اکتوبر 2017 کو ان کی پاکستان منتقلی کی معلومات دیں جس پر پاک فوج نے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا اور مغویوں کو بازیاب کرالیا۔






دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی خاتون سمیت 5 غیر ملکیوں مغویوں کی بازیابی پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے پاک امریکا تعلقات کا ایک مثبت لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے آپریشن میں امریکی خاتون سمیت 5 افراد کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں امریکی حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کررہی تھی جس کے بعد مغویوں کی بازیابی کو ممکن بنایا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اغواء ہونے والی امریکی خاتون کائیٹلن کولمین اور ان کے شوہر جوشوا بوائل بازیاب ہوگئے، دوران قید کولمین نے تین بچوں کو بھی جنم دیا تاہم اب یہ سب آزاد ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ ہم دیگر مغویوں کی بازیابی اور مستقبل کے مشترکہ انسداد دہشت گردی آپریشنز کے لیے بھی اسی طرح کا تعاون اور ٹیم ورک دیکھنے کے لیے پر امید ہیں۔



ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے بھی پانچ غیر ملکی شہریوں کو بازیاب کرانے پر پاکستانی حکومت اور فوج کا شکریہ ادا کیا۔ امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی اور امریکی حکومتوں نے مل کر مغویوں کو بازیاب کرایا۔

Load Next Story