نیب ریفرنسز نواز شریف مریم نواز اور کیپٹن صفدر پر فرد جرم آج لگائی جائے گی

نوازشریف کے بھی پیش ہونیکا امکان، بیٹوں کو اشتہاری قرار دینے کا نوٹس عدالت میں چسپاں


Numaindgan Express October 13, 2017
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فردجرم کی کارروائی روکنے کیلیے صفدر کی درخواست خارج کردی۔ فوٹو: فائل

نیب ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف،ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی۔

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف،ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو آج فرد جرم عائد کرنے کیلیے طلب کر رکھا ہے۔ گزشتہ سماعت پر حسین اور حسن نواز کو اشتہاری قرار دے کر انکا مقدمہ الگ کردیا گیا تھا جبکہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو ذاتی حیثیت میں ہر صورت پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ادھر احتساب عدالت میں حسن نواز اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دینے کا نوٹس آویزاں کردیا گیا، عدالتی حکم پر اشتہار احتساب عدالت کے نوٹس بورڈ پر چسپاں کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملزمان کو مفرور ملزم قرار دے دیا گیا ہے اور وہ 30دن کے اندر عدالت میں پیش ہوں۔ لیگی ذرائع کے مطابق نواز شریف کے بھی آج پیش ہونے کا امکان ہے۔

ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے فردجرم کی کارروائی روکنے کیلیے کیپٹن(ر)صفدر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔ کیپٹن(ر)صفدر نے موقف اپنایا تھا کہ قانون کے مطابق فرد جرم کے لیے 7 دن کا وقت دیا جاتا ہے جبکہ احتساب عدالت نے صرف 4 دن بعد فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی ہے، جسٹس اطہر من اللہ نے کیپٹن (ر) صفدر کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا سپریم کورٹ کا ایسا کوئی فیصلہ موجود ہے کہ 7 دن سے پہلے فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی؟۔کیپٹن صفدر کے وکیل نے جواب دیا کہ میرے پاس سپریم کورٹ کا ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ احتساب عدالت کو بتائیں کہ انجوں نے فائل نہیں پڑھی، لہذا انھیں وقت دیا جائے۔ جسٹس گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ آپ کی درخواست قبل از وقت ہے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت اپنی کارروائی جاری رکھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں