نام نہاد خادم اعلیٰ نے پنجاب کا سارا بجٹ چند منصوبوں میں جھونک دیا پرویز الہیٰ

شہباز شریف نے یہ منصوبہ ختم کرکے غریبوں کے بچوں سے کتابیں چھین لی اور وہ پیسے لیپ ٹاپ پر لگا دیئے، پرویز الہی

مسلم لیگ ق نے اپنے دور حکومت میں پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال پھیلایا،پرویز الہیٰ . فوٹو : فائل

نائب وزیر اعظم چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ نام نہاد خادم اعلیٰ نے پنجاب کا سارا بجٹ چند منصوبوں میں جھونک دیا، انہوں نے غریب کے بچوں سے کتابیں چھین کر لیپ ٹاپ بانٹے وہ بھی صرف ان کو جن کا ووٹ درج تھا۔


مسلم لیگ(ق) کے لاہور میں ہونے والے صوبائی پارٹی الیکشن میں نائب وزیر اعظم چوہری پرویز الہیٰ کو صوبائی صدر جبکہ چوہدری ظہیر کو بلا مقابلہ جنرل سیکریٹری منتخب کرلیا گیا۔ مسلم لیگ(ق) پنجاب کے صدر منتخب ہونے کے بعد کارکنوں سے خطاب کے دوران چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ مسلسل چار مرتبہ انتخابات کا انعقاد کراکر ہم نے یہ ثابت کردیا کہ مسلم لیگ جمہوری جماعت ہے،(ق)لیگ صرف زبانی جمع خرچ نہیں کرتی بلکہ عملی اقدامات کرتی ہے۔



چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال پھیلایا، وکلا برادری کے لئے رہائشی کالونیاں قائم کی اور انہیں مفت علاج کی سہولت فراہم کی لیکن موجودہ نام نہاد خادم اعلیٰ نے سارا خزانہ چند منصوبوں میں جھونک دیا۔


چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا کہ اپنے دورحکومت میں تعلیم کے شعبے میں بنیادی کام کرتے ہوئے میٹرک تک تعلیم اور کتابیں مفت کردیں تھیں۔ غریب خاندانوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے انہوں نے بچوں کے ماہانہ وظیفے مقرر کئے جس سے 30 لاکھ بچے علم کی راہ پر گامزن ہوئےاور اس کی تعریف عالمی بینک جیسے ادارے نے بھی کی لیکن شہباز شریف نے یہ منصوبہ ختم کرکے غریبوں کے بچوں سے کتابیں چھین لی اور وہ پیسے لیپ ٹاپ پر لگا دیئے اور اس کی تقسیم میں بھی خیانت سے کام لیا۔


Recommended Stories

Load Next Story