سندھ اسمبلی نے حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کی قرارداد متفقہ طورپر منظورکرلی

ایم کیوایم کے وسیم احمد، معین عامر پیرزادہ جبکہ پیپلز پارٹی کی فرحین مغل نے حیدر آباد میں یونیورسٹی کابل پیش کیا۔


ویب ڈیسک February 27, 2013
حکومت حیدرآباد شہر میں پبلک سیکٹر میں یونیورسٹی کا قیام عمل میں لائے، قرارداد میں مطالبہ۔ فوٹو: فائل

KARACHI: سندھ اسمبلی نے حیدر آباد میں سرکاری یونیورسٹی کے قیام کے لئے پیش کی گئی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی ۔

قائم مقام اسپیکر شہلا رضا کی سربراہی میں سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے رکن وسیم احمد، معین عامر پیرزادہ جبکہ پیپلز پارٹی کی فرحین مغل نے حیدر آباد میں یونیوسرٹی کے قیام کا بل پیش کیا، بل میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ حکومت حیدرآباد شہر میں پبلک سیکٹر میں یونیورسٹی کا قیام عمل میں لائے۔ جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا ۔

اجلاس کے بعد ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد کا کہنا تھا کہ ٹنڈو محمد خان اور دیگر مقامات پر یونیورسٹیاں بن سکتی ہیں تو حیدرآباد میں کیوں نہیں بن سکتی ، یونیورسٹی چلانے کے لئے ہمیں کسی حکومتی فنڈ کی ضرورت نہیں اپنی ذاتی املاک بیچ کر یونیورسٹی چلائیں گے۔

واضح رہے کہ صوبائی وزیر تعلیم پیر مظہر الحق نے ایک تقریب کے دوران حیدر آباد میں سرکاری یونیورسٹی کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے ہوتے ہوئے یہاں یونیورسٹی نہیں بن سکتی جس پر ایم کیوایم نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے پیپلزپارٹی کی حیدرآباد دشمنی سے تعبیر کیا تھا،پیرمظہرالحق کے بیان کے بعد سندھ بھر میں احتجاج کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں