مریم نواز کا وکلا پر تشدد کی تحقیقات کا مطالبہ

جب وکلا کو احتساب عدالت میں داخلے کی اجازت تھی تو پھر انہیں کیوں روکا گیا، مریم نواز

وزارت داخلہ واقعے کی وجوہات کا پتہ لگائے کہ اس ہنگامہ آرائی کے کیا مقاصد تھے، رہنما مسلم لیگ (ن)۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے نیب ریفرنس میں اپنی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر وکلا پر تشدد کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اس پورے معاملے کی تحقیقات کرکے ذمہ دار افراد کا پتہ لگانا ہوگا کہ اس ہنگامہ آرائی سے ان کا مقصد کیا تھا۔ مریم نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب وکلا کو احتساب عدالت میں داخلے کی اجازت تھی تو پھر انہیں کیوں روکا گیا، وکلا کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ تحقیقات کرکے اس واقعے کی وجوہات کا پتہ لگائے کہ سب کیوں ہوا اور اس ہنگامے کے کیا مقاصد تھے۔


یہ بھی پڑھیں: نیب ریفرنسز میں نواز شریف، بیٹی اور داماد پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

واضح رہے کہ مریم نواز اور ان کے شوہر اپنے خلاف دائر نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے تو وکلا نے بھی عدالت میں داخل ہونے کی اجازت کی۔ تاہم پولیس نے وکلا کو روکا تو ان کا سیکورٹی اہلکاروں سے تصادم ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
وکلا نے اندر داخل ہونے کے بعد کمرہ عدالت میں خوب شور شرابا کیا کہ ہم پر پولیس نے تشدد کیا ہے جس پر عدالت نے سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
Load Next Story